ہسپتالوں میں عملے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائیگی ، نصیب مری

  • December 3, 2018, 11:43 pm
  • National News
  • 64 Views

کوئٹہ (این این آئی )صوبائی وزیر صحت پاکستان تحریک انصاف کے بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ بے نظیر اسپتال میں عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایکسرے مشین کی مرمت ، فلم کی فراہمی اور عملے کی کمی سمیت دیگر ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے گئے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ہسپتال کے دورے کے موقع پر مریضوں کی عیادت اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرنے کے موقع پر ہسپتال کے ایم ایس و دیگر ڈاکٹروں سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے واضح ویڑن کے مطابق عوام کو تعلیم صحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے حکومت کی کوشش ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال کی واضح ہدایات کی روشنی میں عوام کو درپیش مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ادویات کی دستیابی اور عملے کی کمی کو پورا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بے نظیر ہسپتال علاقے کے لوگوں اور صوبے کے مختلف علاقوں سے علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کررہا ہے ہسپتال میں موجود ایکسرے مشین کی خرابی کو دور کر کے اس کی مرمت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایکسرے فلم کی دستیابی اور عملے کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جائے اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ہسپتالوں میں عملے کی کمی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں انہوں نے ایکسرے مشین کی مرمت ، فلموں کی فراہمی اور عملے کی کمی کو دور کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔