بلوچستان کے مسئلے کی چابی مائی باپ کے پاس ہے ، حافظ حمداللہ

  • December 3, 2018, 11:39 pm
  • National News
  • 57 Views

کوئٹہ( پ ر) جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت ہے نہ اپوزیشن بلوچستان حکومت مفلوج بن چکی ہے ، موجودہ حکومت انڈے ، مرغیاں اور کٹے تک محدود ہوگئی ،ڈالر کی قیمت آسمان تک پہنچ چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولوی محمد طاہر توحیدی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرمولانا ثناء اللہ، حاجی منظور احمد بازئی، مفتی عبدالباری اور قدرت اللہ اور دیگر بھی موجود تھے، حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے جبکہ اپوزیشن بھی اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے وفاقی حکومت نے بلوچستان کے معاملے پر جو دعوے کئے تھے وہ صرف دعوے ہیں ،بلوچستان کے مسئلے کے حل کی چابی’’باپ‘‘کے پاس نہیں ’’مائی باپ‘‘ کے پاس ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے 100دن کی کارکردگی کا خلاصہ صرف مرغیاں، انڈے اور کٹے ہیں، مہنگائی کے سونامی نے عام عوام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ڈالر کی قیمت بدترین حدتک پہنچ چکی ہے عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں موجودہ حکومت نااہل ہے ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں ، کرتارپور راہداری کے ذریعے قادیانی نیٹ ورک کو مضبوط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔