وفاقی حکومت ڈیلیور کرنے میں ناکام رہی ،اصغر اچکزئی

  • December 2, 2018, 12:03 am
  • National News
  • 50 Views

چمن (پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری خوش آئند ہے یہی سہولیات مغربی سرحد پر بھی دی جائیں، پرامن مسلم مستحکم جمہوری افغانستان خطے سمیت پاکستان کے مفاد میں ہے ، وفاقی حکومت ڈیلیور کرنے میں ناکام ثابت ہورہی ہے ، 18 ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ، فعال و منظم تنظیم ہی کے ذریعے اکابرین کے متعین کردہ اہدف کے حصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ، ذمہ داران بروقت ممبر سازی اور تمام مراحل خوش اسلوبی سے سرانجام دیں ۔ ان خیالا ت کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈرا صغر خان اچکزئی ، صوبائی الیکشن کے چیئرمین نوابزادہ عمرفاروق کاسی ، رکن مرکزی کمیٹی حاجی صاحب جان کاکڑ ، الیکشن سیکرٹری عبدالباری کاکڑ ، صوبائی نائب صدر اصغر علی ترین ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مابت کاکا ، ضلعی صدر اسد خان اچکزئی ،ضلع قلعہ عبدللہ کے لئے اراکین الیکشن کمیٹی عبدالصادق کاریزوال ، منصور خان اچکزئی ، گل باری مسلم دوست نے چمن میں ممبر شپ کارڈ کے اجراء کے موقع پر یونٹ صدور جنرل سیکرٹریز اور ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مقررین نے انٹرا پارٹی الیکشن کے مروجہ طریقہ کار پر تفصیل سے بریفنگ دی اور ممبر شپ کارڈ کی اہمیت و افادیت سے ذمہ داران کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، نوابزادہ ارباب عمر فاروق ، حاجی صاحب جان کاکڑ ودیگر نے ذمہ داران کو ممبر شپ کارڈ ایشو کئے ۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ حکومت کا حصہ خدمت اور عوام کے مسائل کے حلؒ کی خاطر بنے ہیں اگر خدمت نہ کرسکے تو قوم اور حلقہ کے عوام اپنی رائے کے ذریعے احتساب کا حق رکھتے ہیں۔ ہماری ترجیحات میں امن کا قیام ، صحت ، تعلیم ، پینے کی صاف پانی سرفہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ، سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کاو اولیت دیں گے ۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ قریبی رابطے میں رہا ہوں اسی طرح صحت کے سہولیات ترجیحات میں شامل ہے تاکہ غریب پرور مستحق افراد کو چمن میں صحت کے تمام تر سہولیات میسر ہوں ، اسی طرح سرکاری سکولوں اور کالجوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے کوششیں سرفہرست ہیں۔دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء، ممتاز ادیب ، لیکوال ، قوم پرست قانون دان عزیز اللہ خان ( عزیز ماما ) کی نویں برسی کی مناسبت سے آج سہ پہر 2 بجے ظریف شہید اڈیٹوریم میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوگا جس سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ، صوبائی پارلیمانی قائدین عزیز ماما کو ان کی وطنی سیاسی ادبی خدمات پر خراج عقیدت پیش کریں گے ۔