ضمنی انتخابات میں ضلع کیچ کے تمام پولنگ سٹیشنز حساس قرار

  • November 30, 2018, 11:31 pm
  • National News
  • 88 Views

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی الیکشن کمشنر نیازاحمد بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے دوحلقوں پی بی 47اورپی بی 26میں ضمنی انتخابات ماہ دسمبر میں ہورہے ہیں کیچ کے تمام پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے دوحلقے پی بی 26میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے تیاریاں جارہی جبکہ پی بی 47کیچ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں، پی بی 47پرضمنی انتخاب کیلئے پولنگ چھ دسمبر کو ہوگی، حلقے میں مجموعی طورپرووٹرز کی تعداد 56ہزار772ہے، انتخاب کیلئے60پولنگ اسٹیشن اوروہاں 162پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں،حلقے میں تمام پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قراردئیے گئے ہیں۔صوبائی الیکشن کمشنر نے کہاکہ پی بی 26میں ضمنی انتخاب کے لئے 27امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں،حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 57ہزار675ہے، ضمنی انتخاب کیلئے49پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ الیکشن کمشنر نے بتایا الیکشن کمیشن کے ایکٹ نمبر 27 کے مطابق اب ووٹ کا اندراج مستقل یا عارضی پتہ پر ہوگا اور انہی دونوں پتوں پر ہی اپنا ووٹ کا استعمال کرسکیں گے، ووٹر ز کی اندراج کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کا پروگرام جاری ہے، 31 دسمبر تک اپنا اندراج کراسکتے ہیں اس دوران الیکشن کمیشن کے صوبائی و تمام ضلعی دفاتر کھلے ہیں ووٹر اپنے ووٹ کا اندراج کرادیں۔ انہوں نے بتایاکہ سات دسمبر کو ووٹرز ڈے بھرپورطریقے سے منایاجائیگا، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایاکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے ابھی تک میکنیزم نہیں ملا ہے۔