گوادر ، سی پیک منصوبے کی وجہ سے اہمیت اختیار کرچکا ہے ، صوبائی سیکرٹریٹ اطلاعات

  • November 29, 2018, 12:28 am
  • National News
  • 69 Views

کوئٹہ (خ ن ) صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہاشم ندیم نے کہا ہے کہ گوادر سی پیک منصوبے کی وجہ سے خصوصی اہمیت اختیار کرچکا ہے پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک ملک کی تاریخ کا انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جوکہ مختلف مراحل میں تکمیل کی جانب تیزی سے گامزن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمانہ اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات محمد یونس ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نعیم خان بازئی ،ڈپٹی سیکریٹری عبدالحلیم بڑیچ ، انڈر سیکریٹری امجد سہیل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ گوادر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس کو مکمل طور پر فعال اور جدید خطوط پر استوار کرناناگزیر ہے تاکہ سی پیک سے متعلق مختلف منصوبوں اور حکومت کی ترقیاتی اسکیمات کی بروقت اور بھر پور تشہیر ممکن ہوسکے اورمحکمہ اطلاعات اس حوالے سے اپنا بھر پور کردار اد ا کرسکے اس سلسلے میں گوادر آفس میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ کی خالی آسامی کیلئے جلد ہی موذوں آفیسر کو بھیجا جائے گا۔سیکریٹری اطلاعات نے محکمے کے پروموشن کیسز کو فوری طور پر آگے بڑھانے کی ہدایات دیں اور پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونے والی آسامیوں کو بھی فوری طور پر کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ سیکریٹری نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کیلئے جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کام ہورہا ہے تاکہ ویلفیئر فنڈ کی رقم کی تقسیم بروقت اور حقیقی مستحقین کو ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات محکمے کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے صحافیوں کے دیگر تحفظات کو بھی جلد دور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکرز فنڈ کے حوالے سے بھی محکمہ اطلاعات نے خصوصی اقدامات کا سلسلہ شروع کردیا ہے اوراس حوالے سے انہوں نے محکمہ ہذا کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے باور کروایا کہ تمام اخبارات کے بلوں کے حوالے سے ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائی جائے گی انہوں نے اس حوالے سے محکمہ ہذا میں پیدا ہونے والی مالی بقایا جات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ضروری معاونت کیلئے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا جارہا ہے تاکہ قوائد و ضوابط کے مطابق درست و احسن طریقے سے ان معاملات کو نبھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کوجدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جامع پالیسی اپنا نے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور حکومتی پالیسی و ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تشہیر کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا سے استفادہ وقت حاضر کی ضرورت ہے سیکریٹری اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ دور حاضر میں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ تمام حکومتی ادارے اس سے مستفید ہونے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔ پرنٹ الیکٹرانک میڈیا کے بعد اب ڈیجیٹل میڈیا کا دور شروع ہوچکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات بھی اس حوالے سے ضابط کا رطے کرے تاکہ محکمہ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر انداز میں بروئے کار لایا جاسکے۔