محکمہ خزانہ سے بدعنوانی کا داغ مٹانا چاہتے ہیں ، عارف محمد حسنی

  • November 29, 2018, 12:27 am
  • National News
  • 78 Views

کوئٹہ (خ ن )صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی سے بدھ کے روز مختلف وفود نے ملاقات کی ملاقات میں بلوچستان پبلک پروکیور منٹ ریگو لر ٹی اتھارٹی( BPPRA ) کے ایم ڈی ڈاکٹر پرویز نوشیروانی ، ایم این سی ایچ کے ڈاکٹر سبین گل اورکمیل احمد کے علاوہ ادارہ برائے بحالی منشیات و علاج معالجہ کے چیف ایڈ منسٹریٹر جاوید بلوچ و دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر وفود سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ منتخب صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں حکومتی معاملات اور خصوصاً اداروں کی کار کردگی کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ کو ششیں کررہی ہے لہٰذا اس حوالے سے محکمہ خزانہ میں ٹرانسفرپوسٹنگ کے ذریعے محکمانہ امور کو ایمانداری سے انجام دینے کیلئے دیانتدار اور فرض شناس آفیسران و دیگر کو ذمہ داریاں دی گئیں ہیں تاکہ فنانس ڈیپارٹمنٹ پر ماضی میں جس بد عنوانی اور کرپشن کا داغ لگاہے وہ ہماری کوششوں اور نیک تمناؤں کی بدولت مٹ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی ٹیم ورک کے تحت محکمہ خزانہ کے تمام امور میں شفافیت اور بہتری سے محکمے کی ساکھ کو بحال کیا جائے گااو اس حوالے سے اگر غیرجانبدار انہ انداز میں محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو معاملات میں بہتری کے حوالے سے واضح فرق نظر آئے گا ۔ اس موقع پر BPPRA کے ایم ڈی نے صوبائی وزیر کو ادارے کے قیام ، مقاصد ، تعارف ، کام کی نوعیت ، دائرہ اختیار ، کارروائی ، پیش رفت اور چیلنجز و رکاوٹوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی انہوں نے BPPRA کے بین الاقوامی قوانین و آئینی حدود ، قانون سازی ولیگل فریم ورک کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ علاوہ ازیں وفود میں شامل ایم این سی ایچ کے ڈاکٹر سبین گل نے ادارے میں کام کی نوعیت ، مشکلات و سائل کے بارے میں صوبائی وزیر کو آگاہ کیا جبکہ ادارہ بحالی منشیات و علاج ومعالجہ کے چیف ایڈ منسٹریٹر جاوید بلوچ سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے انہیں چاغی کے علاقہ میں موجود منشیات کے عادی افراد کو ادارے میں داخل اور علاج و معالجہ کے حوالے سے کہا کہ وہ اس ضمن میں چاغی علاقہ سے مرحلہ وار نشے کے عادی افراد کے سینٹر میں داخل کروائیں گے تاکہ نشے کی لعنت میں گرفتار نوجوان صحت یاب ہوکر معاشرے کے ذمہ دار شہری بن کر باعزت زندگی گزار سکیں۔