جنگلات کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا ، میر ضیاء لانگو

  • November 27, 2018, 11:57 pm
  • National News
  • 97 Views

کوئٹہ(این این آئی)صو بائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ جنگلات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کسی کو کاٹنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اگر کسی نے جنگلات کاٹنے کی کوشش کی تواسکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،صوبائی کابینہ نے صوبائی محکموں میں خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوریدی ہے اور انشاء اللہ جلد ہی بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ کے مطابق نوکریاں دی جائیں گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں صحافیوں کے و فد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ عوام نے ہمیں ووٹ دیکر ایوانوں میں بھیجا ہے اب ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کریں گے اگر ہم نے عوام کے مسائل حل نہیں کئے تو عوام کے پاس دوبارہ نہیں جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مختلف محکموں میں خالی ہزاروں اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیدی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام محکموں کے سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل بلا تعطل شروع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ خالی اسامیوں پر بھرتی سے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دی جائیں گی اگر کسی نے نوکریاں فروخت کرنے کی کوشش کی تواسکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ انوائرمنٹ بلوچستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے ہمیں انوائرمنٹ کو بہتر بنانے کیلئے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ تمام وزراء اپنے محکموں میں با اختیار ہیں اور بیورو کریسی انکے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے اگر کسی نے وزراء کے کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تواسکے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سرد علاقوں کو سوئی سدرن گیس کمپنی گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ عوام درخت کاٹ کر نہ جلائیں سوئی سدرن گیس کمپنی غیرقانونی کنکشن اور گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن کرے ہم انکے ساتھ مکمل تعاون کرینگے۔