پی ایس ڈی سے بلوچستان کے منصوبے نکالنا زیادتیوں کا تسلسل ہے ، این پی

  • November 27, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 80 Views

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے مرکزی حکومت کی جانب سے وفاقی پی ایس ڈی پی سے بلوچستان کے 59منصوبوں کو نکالنے کو بلوچستان کے ساتھ نا انصافی اور ناروا پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا ہے ایک طرف سی پیک کو معاشی ترقی اور گیم چینجر ثابت کرنے والے حکمرانوں کا سی پیک کے محور گوادر اور بلوچستان کے اہم منصوبوں کو پی ایس ڈی پی سے نکالنا اور بلوچستان حکومت اور مرکز میں بلوچ اتحادی جماعتوں کی خاموشی کسی مخصوص گٹھ جوڑ کی نشاندہی کر رہی ہے نیشنل پارٹی بلوچستان کے ساتھ اس نا انصافی کے خلاف ہر فورم پر جائے گی بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان جغرافیائی حیثیت اور قدرتی ساحل و وسائل کی بنیاد پر انتہائی اہمیت رکھتا ہے لیکن ملک کے حکمرانوں نے بلوچستان کو صرف کمانے اور لوٹنے کا ذریعہ سمجھ رکھا ہے اور اس لوٹ کھسوٹ کیلئے حکمرانوں نے بلوچستان کے معدنی وسائل کو اونے پونے بیچنا شروع کردیا اور جب بلوچستان کے عوام نے اپنے حق کیلئے آواز اٹھائی تو ان کو بزور طاقت زیر کرنے کی روش اپنائی گئی جس سے بلوچستان محرومیوں کا شکار ہوگیاگزشتہ حکومت نے مختلف منصوبوں کے لئے اربوں روپے پی ایس ڈی پی میں رکھے تاکہ بلوچستان سے نا انصافیوں کا ازالہ ہو لیکن تبدیلی سرکار نے بلوچستان کے ساتھ ظلم کی انتہاء کردی بیان کے مطابق مرکزی حکومت نے بلوچستان کے 373ارب سے زائد59منصوبوں کو وفاقی پی ایس ڈی پی سے نکال کر بلوچستان کو مزید پسماندگی کی طرف دھکیل دیا 14ڈویژن کے اہم منصوبوں کو روکا گیا جن میں کمیونیکیشن ڈویژن ،خزانہ ڈویژن ، ہائیر ایجوکیشن ڈویژن ، انڈسٹریز، انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ ، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ،نارکوٹکس کنٹرول ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ،،ریونیو ،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر ڈویژن شامل ہیں بیان میں بلوچستان حکومت اور وفاقی حکومت کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے بلوچستان کے ساتھ نا انصافیوں پر چپ کر روزہ رکھے ہوئے ہیں جو کسی المیہ سے کم نہیں بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے اور بلوچستان کے ساحل ووسائل کے تحفظ اور عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد نیشنل پارٹی کا نظریہ ہے نیشنل پارٹی موجودہ حکومت کے سنگین عمل کو مستر د کرتی ہے اور اس کے خلاف ہر فورم پر جائے گی۔