دھاندلی سے مسلط حکمران عوام کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے ، پشتونخوامیپ

  • November 27, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 102 Views

چمن ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی اور پارٹی کے ضلعی وعلاقائی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی عدم تشدد پر مبنی تاریخ ساز جدوجہد اور قربانیاں جن مقاصد کیلئے تھے ان اہداف کے حصول کیلئے جاری جدوجہد کو ہر سطح پر مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے اور خان شہید کی تمام زندگی فرنگی استعمار سے آزادی ، ملک میں آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی ، حقیقی وفاقی پارلیمانی نظام ، قوموں کی برابری اور پشتونخوا وطن کی قومی وحدت ،قومی تشخص کی بحالی ، قومی متحدہ خودمختیار صوبے کے قیام اور تمام مظلوم عوام کے حقوق واختیارات کے حصول سے عبارت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 45ویں برسی کے موقع پر 2دسمبر کے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں تحصیل چمن کے علاقوں ہزار گنجی عثمان زئی ، تُخائی کلی ، زرنجکہ کلی ، سپینہ تیژہ، حمید زئی ، عثمان زئی، شمشوزئی ، بادیزئی ، خواجہ زئی کلی ، گڑنگی کلی ، ڈبری کلی میں منعقدہ پارٹی کے یونٹوں اور اولسی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ زر اور زو ر اور تمام اسٹیبلشمنٹ کی دھاندلی کے ذریعے مسلط ہونیوالی حکومتیں عوام کی نمائندگی کی صلاحیت نہیں رکھتے اور نہ ہی یہ حکومتیں عوام کے مسائل ومشکلات حل کرسکتے ہیں کیونکہ ان حکومتوں کے نام کے منتخب نمائندوں کی مکمل اکثریت ملک کی تاریخ کی بدترین دھاندلی کے پیداوار ہیں جو ہمیشہ قابل مذمت اور قابل گرفت رہینگے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینی ہونگی جبکہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ اور ان کے جاسوسی اداروں کی مداخلت ملک کو مزید بحرانوں کا شکار کرتی رہیگی جس کا آخر کار نتیجہ ہر سطح پر تباہی وبربادی ہوگی اور ایسے صورتحال کی ذمہ داری بھی ان قوتوں اور عناصر پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملک کے ہرقسم کے بحرانوں سے نجات حقیقی وفاقی پارلیمانی نظام ، شفاف غیر جانبدارنہ انتخابات ، حقیقی فیڈریشن اور آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہے جبکہ ملک کی خارجہ وداخلہ پالیسی لازماً پارلیمنٹ کے تابع ہوگی اور اس کے بغیر کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہر ہمسایہ کی مداخلت کی روک تھام اور ان کے استقلال عارضی تمامیت کو تسلیم کرنے اور وہاں ہر سطح پر مکمل امن وامان کا قیام خطے کے ہر ملک کے فائدے میں ہے لہٰذا اس خطے کے اقوام وعوام نے اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع قلعہ عبداللہ بالخصوص تحصیل چمن کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ ، چوری ڈکیتی کے مسلسل واقعات حکومت اور متعلقہ اداروں کی ناکامی کو ثابت کررہی ہے جو قابل مذمت اور قابل گرفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کے پارٹی عہدیدار اور کارکن 2دسمبر کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کیلئے اپنی جاری تیاریوں کو مزید تیز کرے اور قومی اہداف کے حصول کی جدوجہد کو مزید تقویت دے۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی لالکو،حاجی اخلاص اچکزئی،حاجی عبدالخالق، علاقائی سیکرٹری غفار کان ، سینئر معاون مسعود خان ، علاقائی سینئر معاون سیکرٹری روزی خان ودیگر علاقائی سیکرٹریز ، سینئر معاونین ، ایگزیکٹو پارٹی کے دیگر رہنماؤں سمیت قبائلی مشران ،حاجی بنگ ، حاجی لال ،حاجی اعظم ، حاجی زردار ، حاجی باری اور حاجی وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔