ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کیلئے بی آر اے کو بااختیار بنایا جائے ،عارف محمد حسنی

  • November 27, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 96 Views

کوئٹہ (خ ن ) صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مالی نظم و نسق کو بہتر بنانے اور مالی مشکلات پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ بلوچستان ریو نیو اتھارٹی ٹیکس نیٹ کو مزید بڑھانے کیلئے قانون سازی کرکے اور بی آر اے کو مزید با اختیار بنائیں تاکہ صوبے کی محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفترمیں چیئرمین بلوچستان ریو نیو اتھارٹی کے چیئرمین مصری لادھنی سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کار کردگی کو بہتر بنانے اور محکمانہ امور کو بہتر طور پر انجام دینے کیلئے ضروری ہے کہ بی آر اے کمشنر یٹ کیلئے زمین کی فراہمی ہو تاکہ اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شہر حب اور گوادر میں بھی بی آر اے کے دفاتر قائم کیئے جائیں تاکہ ان علاقوں سے ریو نیو جمع کرکے صوبے کو مالی اعتبار سے مستحکم کیا جاسکے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمانہ امور کی انجام دہی میں تیزی لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ محاصل جمع کرکے صوبے کو اقتصادی ترقی کی جانب گامزن کیاجائے دریں اثناء صوبائی وزیر خزانہ سے بلوچستان ایجو کیشن انڈومنٹ فنڈ ( BEEF) کے سی ای او ڈاکٹر رشید مسعود خان جعفر نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر رشید مسعود نے صوبائی وزیر کو ادارے کی کار کردگی ضروریات اور آئندہ کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلاً سے آگاہ کیا جس پرصوبائی وزیر نے ان کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔