چینی قونصلیٹ حملے میں جاں بحق باپ بیٹے کی ہلاکت کا معمہ حل نہیں ہوا ، پشتونخوامیپ

  • November 26, 2018, 11:57 pm
  • National News
  • 75 Views

کوئٹہ( آئی این پی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں گزشتہ دنوں کراچی میں چین کے قونصلیٹ میں دہشتگردانہ واقعہ اور اُس میں کوئٹہ کے پشتون تاجر حاجی نیاز محمد اچکزئی اور اس کے جواں سال فرزند ظاہر شاہ اچکزئی اور دیگر لوگوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چینی قونصلیٹ میں ویزے کی حصول کے غرض سے دہشتگردی کے واقعہ سے قبل صبح ساڑھے 8بجے حاجی نیاز محمد اور ان کے فرزند ظاہر شاہ فنگر پرنٹ کے سلسلے میں انتظار گاہ میں موجود تھے۔ اس دوران چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا گیا اور یہ تمام واقعہ قونصلیٹ کے باہر ہوا۔ لیکن سوا ل یہ ہے کہ قونصلیٹ کے اندر ویزے کی حصول کیلئے انتظار گاہ میں موجود باپ بیٹے کی ہلاکت کیسے ہوئی ؟۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب قونصلیٹ پر حملہ ہوا تو ویزہ سیکشن کے اندر موجود تاجر حاجی نیاز محمد اچکزئی کو گولیوں کا نشانہ بنے جب ان کے بیٹے نے باپ کو اٹھانے کی کوشش کی تو اس سے بھی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا حالانکہ قونصلیٹ کے باہر دہشتگردانہ حملہ ہوا اور اس وقت تک کوئی بھی دہشتگرد اندر داخل نہیں ہوا تھا ۔ اس واقعہ سے یہ پتہ چل رہاہے کہ انھیں ویزہ سیکشن کے داخلی حصے انتظار گاہ میں شہید کیا گیا ۔ اب یہ وفاقی اور سندھ حکومت کی ذمہ داری اور فریضہ ہے کہ وہ اس تمام واقعہ کی جلد از جلد اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرے اور چینی قونصلیٹ کے اندر ویزہ سیکشن کے انتظار گاہ میں نصب کیمروں کی تمام فوٹیج اور ویڈیو حاصل کریں اور اس واقعہ میں شہید ہونیوالے بے گناہ لوگوں کی اصل حقیقت عوام کے سامنے لاکر بے گناہ پشتون تاجر حاجی نیاز محمد اچکزئی اور ان کے جواں سال فرزند ظاہرشاہ اچکزئی کے قتل کا مقدمہ ان لوگوں کے خلاف دائر کیا جائے جو اس واقعہ میں ملوث ہیں تاکہ قانون کے مطابق انھیں قرار واقعی سزا دی جاسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کی وجہ عوام میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے اور یہ بے چینی ،اضطراب اس وقت ختم ہوگی جب تمام حقائق عوام کے سامنے لایا جائیگا۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلیٰ سطحی پر اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔