کرپشن کو جڑ سے ختم کرینگے ، میر عارف محمد حسنی

  • November 26, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 42 Views

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر خزانہ میرمحمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ صوبہ کی ترقی اور خوشحالی میں جہاں مختلف اہم معاملات میں بہتری اور سنجیدگی کی ضرورت ہے وہیں صوبے کے تمام اداروں میں موجوداعلیٰ آفیسران سے لے کر عام ملازمین محنت ، ایمانداری اور پیشہ وارانہ امور کو ذمہ داری سے انجام دینے کی سعی کریں گے تو ہمارا صوبہ جلد ہی ترقی کے منازل طے کرکے دیگر بڑے صوبوں کے برابر آکر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز محکمہ خزانہ کے اچانک دورے کے موقع پر آفیسران و دیگرسے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کرپشن ، محکمانہ امور کی انجام دہی میں غفلت اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال نے اداروں کو نہ صرف تباہی کے دہانے تک پہنچادیا بلکہ اس مجرمانہ فعل نے عالمی سطح پر ملک و صوبے کی ساکھ کو متاثربھی کیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ کی قیادت میں اس عزم مسلسل پر ثابت قدم ہے کہ صوبے سے کرپشن، اقربا پروری اوررشوت ستانی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہے لہٰذا اس حوالے سے محکمہ خزانہ کے تمام ملازمین اپنی فرائض منصبی انجام دینے میں کوتاہی نہ برتیں اور محکمے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں تیز کریں انہوں نے کہا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں کامعائنہ کرکے انہیں بہتری محسوس ہوئی لیکن انہیں اطمینان حاصل تب ہوگا جب فنانس ڈیپارٹمنٹ صوبے کا وہ مثالی محکمہ ہو جہاں سرکاری امور کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہوں اور محکمے میں اقربا پروری ، رشوت اور سفارش کلچر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے میں موجود محنتی اور ایماندار آفیسر و دیگر میرے بھائیوں کی طرح ہیں اور ان کی محنت اور کاوشوں کو ہر سطح پر سراہا جائے گا جبکہ غفلت اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اپنے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور ان دوروں کو ٹریژری کے دفاتر تک بھی بڑھایا جائے گا انہوں نے محکمانہ امور کی انجام دہی کے حوالے سے بتایا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ میں تمام معاملات میرٹ کے مطابق کئے جارہیں ہیں لہٰذا اس حوالے سے وہ کسی قسم کی سفار ش قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیپارٹمنٹ کے تمام ملازمین محکمے کے کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کیئے جانے والے اقدامات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ان کی معاونت کریں گے۔ دریں اثناء اس موقع پردیگر محکموں کے لوگوں نے صوبائی وزیر کو فنانس ڈیپارٹمنٹ میں حل طلب اپنے اپنے ضروری کام کو نمٹانے کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے متعلقہ شعبوں کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ ان تمام سائلین کے جائز کاموں کو فوری طور پر نمٹا کر انہیں اطلاع کریں ۔