عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثراقدامات کئے جائیں ، سردار اختر مینگل

  • November 20, 2018, 10:56 pm
  • National News
  • 87 Views

ڈیرہ مرادجمالی(آئی این پی )بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہاہے کہ لاپتہ افراد اور ملنے والی لاشوں سے متعلق ہم احتجاج کے ذریعے حکمرانوں پر واضح کرچکے ہیں کہ وہ بلوچستان کی عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں،کئی دہائیوں سے جاری ظلم وزیادتی کے عمل کو برداشت نہیں کیاجاسکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز بی این پی کے رہنماء ڈاکٹرشاہ نوازمینگل سے ان کے بھائی ومعروف تاجر حاجی محمدنوازمینگل کی شہادت کے موقع پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔سرداراخترجان مینگل نے بی این پی نصیرآباد کے سینئر رہنماء ڈاکٹر شاہ نواز مینگل کے بھائی اور معروف تاجر حاجی محمد نواز مینگل کی شہادت پر گہری رنج اور غم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ایسے واقعات کو روکنے میں حکومت یکسر ناکام ہوچکی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان سے لاپتہ افراد اور ان کی ملنے والی لاشوں پر اپنا احتجاج کیا ہے موجودہ حکمرانوں پر بھی واضح کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کریں کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے صوبے کے عوام سے ظلم وزیادتی کی انتہا ہورہی ہے جسے بی این پی کبھی بھی اس طرح کے عمل کو برداشت نہیں کرے گی ، سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ بی این پی کے رہنماوں اور بلوچ عوام کی اس صوبے کے لئے عظیم قربانیاں ہیں ہم نے ہمیشہ مظلوم اور محکموم عوام کے حق وحقوق کے لئے آواز بلند کی ہے شہید محمد نواز مینگل کی شہادت رائیگا نہیں جائے گی جنھوں نے یہ کھیل کھیلاہے وہ اللہ تعالی کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے انہوں نے کہا کہ نصیرآباد انتظامیہ اور پولیس کو چائیے کہ وہ سنجیدگی کامظاہرہ کرے جو بھی اس واقعے میں ملوث ہے ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں ہم نے ہمیشہ صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن مینگل قبائل کے ساتھ اب کسی قسم کی زیادتی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔