بلوچستان کی پسماندگی کو تعلیم عام کرکے دور کیاجاسکتا ہے ، کمانڈر سدرن کمانڈ

  • November 19, 2018, 12:12 am
  • National News
  • 76 Views

کوئٹہ(این این آئی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باوجود نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی کو تعلیم عام کرکے دور کیا جاسکتاہے اور وہ دن دور نہیں جب اس کالج کے فارغ التحصیل طلباء عملی زندگی میں ملک و قوم کانام روشن کریں گے جس کی واضح مثال پی ایم اے میں کیڈٹس نے لگاتار دو سال اعزازی شمشیرحاصل کرکے ثابت کر دی ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو ملٹری کالج سوئی کے سالانہ یوم والدین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کالج کے چاق وچوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی قبل ازیں کمانڈر سدرن کمانڈ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ مختلف کیڈٹس نے پی ٹی، جمناسٹک اور جوڈوکراٹے کا شاندار مظاہرہ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور دل کھول کر داد دی۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیڈٹس کی شاندار پرفارمنس کو سراہااور کہا کہ سٹاف اور فیکلٹی کی انتھک محنت اور کاوشوں سے اس وقت ملٹری کالج سوئی کا شمار ملک کے بہترین کیڈٹ کالجز میں ہوتاہے۔ انھوں نے مذید کہا بلوچستان کی پسماندگی کو تعلیم سے دور کیا جاسکتاہے اور وہ دن دور نہیں جب اس کالج کے فارغ التحصیل طلباء عملی زندگی میں ملک و قوم کانام روشن کریں گے جس کی واضح مثال پی ایم اے میں کیڈٹس نے لگاتار دو سال اعزازی شمشیرحاصل کرکے ثابت کر دی ہے ۔یاد رہے ملٹری کالج سوئی کے طلباء نے میٹرک اور ایف ایس کے امتحانات میں بھی نمایاں اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے ۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ چیف آف آرمی سٹاف ٹرافی چیمپیئن شیرشاہ ہاوس کوملی۔آرٹ اور سائنس کی نمائش میں حاضرین کی دلچسپی دیدنی تھی۔قبل ازیں کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی نے سپاس نامہ پیش کیااور کالج کی سالانہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔تقریب میں سول ملٹری علاقہ عمائدین کے علاوہ کیڈٹس کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔