شہید عبدالصمد خان اور ارفقاء کی جدوجہد مشعل راہ ہے ، پشتونخوامیپ

  • November 8, 2018, 11:05 pm
  • National News
  • 53 Views

کوئٹہ(پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 45ویں برسی پورے جذبے کے ساتھ مناکر ملک میں حقیقی جمہوری نظام ،آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی ، قوموں کی برابری ان کے حقوق واختیارات کے حصول پشتونخوا وطن پر مشتمل قومی خودمختیار صوبے کے قیام اور بدترین دھاندلی کے ذریعے مسلط جعلی حکمرانوں کے جمہوریت دشمن اور عوام دشمن سازشوں کے خلاف جاری جدوجہد کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری باز محمد پشتون ، ولی بریالی ، علاقائی سیکرٹری راحت خان بازئی اور نور محمد خان نے نواں کلی علاقائی کمیٹی ، کرانی علاقائی کمیٹی اور دیبہ علاقائی ایگزیکٹو کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاسوں میں سالار شہدا خان شہید کی 45ویں برسی کے منانے کے تیاریوں اور تنظیمی امور وابتدائی یونٹوں کے اجلاسوں کے انعقاد سمیت مختلف فیصلے کےئے گئے ۔ مقررین نے کہا کہ سبی تا سوات پشتونخوا وطن کے تمام عوام کو جس بدترین بیروزگاری ، غربت ، افلاس ، جہالت ، پسماندگی ، اذیت ناک مسافرانہ زندگی اور نام نہاد دہشتگردی کا سامنا ہے اس کی بنیادی وجہ استعماری قومی بالادستی ، قومی واک واختیار اور قومی خودمختیار صوبے سے محرومی ہے ۔ اور آج ملک کے ہرگوشے میں پشتونخوا وطن کے تمام عوام کے خلاف جس طرح منصوبہ بند سازشوں کے ذریعے ان پر ظلم وجبر روا رکھا جارہا ہے ان سے نجات کیلئے مسلسل جدوجہد لازمی ہے ۔ اور اس جدوجہد کیلئے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور ان کے رفقاء کے نظریات ،عزم ،جدوجہد اور قربانیاں حقیقی مشعل راہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام عہدیدار اور کارکن اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اپنی اجتماعی وانفرادی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرتے ہوئے خان شہید کی 45ویں برسی کو پورے جوش وخروش کے ساتھ منانے کی تیاریاں تیز کرے۔