علامہ اقبال جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے ،ظہوربلیدی

  • November 8, 2018, 11:05 pm
  • National News
  • 43 Views

کوئٹہ(خ ن )صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجوکیشن ظہور احمد بلیدی نے یوم اقبال کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ اقبال کی شخصیت اور فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے جس پر چل کر ہم اپنے ملک کو عظیم سے عظیم تر بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے نہ صرف مسلمانانِ ہند کو دو قومی نظریے کے مطابق ایک علیحدہ ملک بنانے کی سوچ دی بلکہ انہیں مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا بھی سبق دیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ اور شاعری آج کے مسلمانوں کو ترقی کی منازل سے روشناس کرانے کیلئے جذبہ دینے کا اہم ذریعہ ہے اگر ہم آج بھی علامہ اقبال کی شاعری ، فلسفے اور افکار کو سامنے رکھیں تو ہمیں درپیش تمام تر مسائل کا حل مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم اقبال منانے کا اصل درس یہ ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور ہر حال میں ملک خداداد پاکستان کے مفادات کی پاسبانی کریں صوبائی وزیر نے کہا کہ اپنی شاعری سے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرکے انہیں ایک آزاد مملکت کا تصور دینے والے مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال جیسی شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل تک ان کا پیغام خوش اسلوبی سے منتقل کریں۔