صوبے کی ترقی کیلئے متوازن پی ایس ڈی پی بنایا جارہاہے ، وزیراعلیٰ

  • November 8, 2018, 12:38 am
  • National News
  • 64 Views

کوئٹہ(آئی این پی) بلوچستان عوامی پارٹی کے چیئرمین وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی عوام دوست اور صوبے کی مجموعی ترقیاتی پالیسیوں کو عوام میں پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور ہماری پارٹی پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے جو ایک نئی جماعت کے لئے نہایت خوش آئند ہے، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بی اے پی کو مزید آگے لے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی خضدار کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل درانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد نے وزیراعلی کو ضلع خضدار کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی جبکہ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور پر بھی بات چیت کی گئی،وزیراعلی نے کہا کہ کاررکن کسی بھی جماعت کا سرمایہ اور طاقت ہوتے ہیں ہم اپنے کارکنوں کی مشاورت سے پارٹی کے تنظیمی عمل کو مضبوط بنیادوں پر استوار کریں گے تاکہ آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں عوام کی تائیدوحمایت سے کامیابی حاصل کرسکیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے تمام اضلاع کی ترقی کے لئے بھرپور محنت کررہی ہے۔ پی ایس ڈی پی کو متوازن بنایا جارہا ہے، ہم ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں افسران عوام کی بہتری کے لئے کام کریں گے، ڈاکٹرزا ور اساتذہ اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہوں گے اور ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آئیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ جب ادارے مضبوط اور فعال ہوں گے تو ان کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی اور وہ اچھے نتائج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے مشکلات زیادہ ہیں اور وسائل کم ہیں ماضی میں وسائل کا ضیاع ہوا جس کا نقصان عوام کو پہنچا۔مخلوط صوبائی حکومت صورتحال کی بہتری کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ وزیراعلی نے اس موقع پر وفد کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔