بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ، جیمز ڈیکلن اور لیواے یو سیمی فائنل میں پہنچ گئے

  • November 6, 2018, 11:12 pm
  • National News
  • 69 Views

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں جاری بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں عالمی نمبر 16 انگلینڈ کے جیمز ڈیکلن اور عالمی نمبر 22 ہانگ کانگ کے لیوا اے یو نے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے راؤنڈ کے تین میں سے دو میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی،سیمی فائنلز آج ہوں گے۔بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں عالمی نمبر 39 ملائشیا کے نافزوان عدنان اور پاکستانی کھلاڑی فرحان محبوب، احسان ایاز اور شاہ جہاں خان دو دو میچز میں سے ایک ایک جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سیمی فائنل میچز آج منگل کو جب کہ بدھ کو فائنل کھیلا جائے گا۔لیگ کے دوسرے دن کے کھیلوں کا آغاز چیئرمین لیگ پرنس آغا عمر احمد زئی نے اسکواش کورٹ میں شاٹ کھیل کر کیا۔ دوسرے روز چیمپئن شپ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز تھا۔ پہلے میچ میں عالمی نمبر 16 انگلینڈ کے ڈیکلن جیم اور عالمی نمبر 8 پاکستان کے فرحان محبوب کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ جیمز نے پہلا سیٹ جیتا، جواب میں فرحان نے دوسرا سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کیا۔ تیسرے سیٹ میں فرحان نے سخت مقابلہ کیا لیکن پوائنٹ پر جیمز نے یہ سیٹ جیتا اور اگلا سیٹ بھی جیت کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔دوسرا مقابلہ ہانگ کانگ کے لیو اے یو اور ملائیشیا کے نافزوان عدنان کے درمیان انتہائی دلچسپ رہا۔ ہانگ کانگ کے لیو اے یو نے یہ مقابلہ 11/8، 11/8 اور 11/7 سے جیتا۔ تیسرے میچ میں میکسیکو کے سیزر سالازار اور عالمی نمبر 95 پاکستان کے احسان ایاز کے درمیان تھا جس میں دو سیٹوں میں شکست کے بعد سیزر سالازار ایک بار پھر انجری کے باعث میچ سے باہر ہوئے۔ اس سے قبل وہ گذشتہ روز فرحان محبوب کے خلاف میچ میں بھی انجری کے باعث میچ سے باہر ہو گئے تھے۔ اس طرح سیزر پہلے غیر ملکی کھلاڑی ہیں جو چیمپئن شپ سے باہر ہوئے ہیں۔ چوتھے اور آخری میچ میں پاکستان کے شاہ جہاں خان نے ہم وطن عبدالمالک کو 11/8، 11/8 اور 11/9 سے ہرایا۔