لوکل گورنمنٹ خورد برد کیس ، میر خالد لانگو کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور

  • October 11, 2018, 11:35 pm
  • National News
  • 166 Views

کوئٹہ( آئی این پی ) احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منور احمد شاہوانی کے روبرو بلوچستان لوکل گورنمنٹ فنڈز خوردبرد،محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں 8سو سے زائد گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن اور ہاؤسنگ اسکیم بدعنوانی سے متعلق دائر ریفرنسزکی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے روبرو بلوچستان لوکل گورنمنٹ فنڈز خوردبرد سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمدرئیسانی ،سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ فیصل جمال اور سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری حافظ باسط عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کیا سماعت کے دوران گواہ سلیم شاہ کا بیان قلم بند کرلیاگیاجن پر جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں عدالت نے سماعت کو 19اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیا۔علاوہ ازیں عدالت کے روبرومحکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں 8سو سے زائد گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق ڈی جی ایکسائز اینڈٹیکسیشن ایک مرتبہ پھر عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے تاہم دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے سابق ڈی جی ایکسائز کی جانب سے ارباب طاہر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے راشد زیب گولڑہ نے ریفرنس کی پیروی کی سماعت کے دوران گواہ عدالت میں پیش ہوا تاہم ان کا بیان قلم بند نہ ہوسکا بعدازاں سماعت کو 24اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔دریں اثناء عدالت کے روبرو ہاؤسنگ اسکیم بدعنوانی میں نامزد سابق ڈی جی کیوڈی اے نوراحمدپرکانی کے خلاف دائر ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران ایک گواہ کا بیان قلم بند کرلیاگیا جن پر جرح بھی مکمل کرلی گئی بعدازاں کیس کی سماعت کو 22اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔