انتخابی عذرداری سے متعلق دائر درخواستوں پر مہلت کی استدعاء منظور

  • October 11, 2018, 11:35 pm
  • National News
  • 93 Views

کوئٹہ( آئی این پی ) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں مبینہ دھاندلی ودیگر سے متعلق دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت کی ۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریارمحمدرند کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء ایڈووکیٹ جنرل اور الیکشن کمیشن کے نمائندے ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران حلقے سے کامیاب ہونے والے رکن قومی اسمبلی خالد مگسی کے وکیل کی جانب سے جواب داخل کرنے کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت 19اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی دریں اثناء الیکشن ٹریبونل نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کے حلقہ انتخاب سے متعلق عبدالکریم کھیتران کی جانب سے دائر درخواست کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کی جانب سے نادر چھلگری ایڈووکیٹ ،ایڈووکیٹ جنرل اور الیکشن کمیشن کے نمائندے الیکشن ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران صوبائی وزیر سردارعبدالرحمن کھیتران کی جانب سے ان کے وکیل طاہر بلوچ ایڈووکیٹ نے جواب داخل کرادیا جس کے بعد سماعت کو19اکتوبر تک کیلئے ملتوی کرادیاگیا۔دریں اثناء بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 27کوئٹہ IVسے متعلق پاکستان پیپلزپارٹی کے سحر گل خلجی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے ولی محمد کی جانب سے دائر انتخابی اپیلوں کی سماعت کی سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء ودیگر پیش ہوئے سماعت شروع ہوئی تو کامیاب امیدوار عبدالخالق ہزارہ کے وکیل نے جواب داخل کرنے کیلئے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت 15اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔