بلوچستان دیگر صوبوں سے دس گناء پیچھے ہے ‘ قادر بلوچ

  • October 11, 2018, 11:35 pm
  • National News
  • 92 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ ترقی کے لحاظ سے بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں سے 10گنا پیچھے ہے، نئی حکومت کو بلوچستان میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، جام کمال خان کی حکومت کومبارکباد دے کر ان کی طرف دست تعاون بڑھاتے ہیں، بہتر طریقے سے کام نہیں کیا تو نچلی سطح سے پارٹی کومنظم کر کے ان کی کوتاہیاں سامنے لائیں گے یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر مسلم لیگ ن بلوچستان کے ترجمان یونس بلوچ، سکینہ مینگل، گوہر خان مینگل ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے. عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں ہم آہنگی کی ضرورت ہے، یہاں امن وامان کے قیام کیلئے افواج پاکستان، لیویز، پولیس ودیگر فورسز سمیت عوام نے بڑی تعداد میں قربانیاں دی ہیں. انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت سے کچھ لوگوں نے بغاوت کی اور آج ان کی حکومت ہے، ہمیں ان سے کوئی گلا نہیں، عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ان کی رہنمائی کریں گے، اگر حکومت نے عوامی مسائل حل نہیں کئے تو ہم اس کے خلاف احتجاج کریں گے. جو حق اور سچ کی بات کریگا بلوچستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں. انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین اور کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں ،پارٹی کے صدر شہباز شریف کو مفروضے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، 5 سال تک وزیر اعلی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ایسے معمولی الزامات سے نہیں ڈریں گے۔