ملک میں آج بھی آمرانہ وجمہوری قوتوں کے درمیان جنگ جاری ہے ، پشتونخوامیپ

  • October 5, 2018, 11:04 pm
  • National News
  • 148 Views

کوئٹہ( پ ر ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ڈپٹی چےئرمین حاجی فضل قادر شیرانی ، مرکزی سیکرٹری مالیات ڈاکٹر کلیم اللہ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا ، مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی، مرکزی سیکرٹری سردار مصطفی خان ترین ، مرکزی سیکرٹری عبدالرؤف لالا ، مرکزی سیکرٹری عبید اللہ جان بابت نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 7اکتوبر کے شہدا جمہوریت اور11اکتوبر کے شہدا وطن کی برسی دراصل شہدا اور ان کے قومی ارمانوں کو پوراکرنے کے ارادے اور عزم کا اظہار ہے ۔اس سلسلے میں 7اکتوبر بروز اتوار سہہ پہر 3بجے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سبزہ زار پر عظیم الشان جلسہ عام منعقدہوگا جس سے پشتونخوامیپ کے محبوب قائد محترم محمود خان اچکزئی اور پارٹی کے دیگر مرکزی وصوبائی رہنماء خطاب کرینگے۔ تمام باشعور وغیور عوام سے اپیل کی گئی ہے وہ 7اکتوبر کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار پر ہونیوالے عظیم الشان جلسہ عام میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک پر مسلط ضیائی آمریت جس میں ملکی آئین کو چند صفحات کی کتاب کہہ کر اس کی پائمالی کی گئی اور اس طرح عوام کی حق حکمرانی کا غصب کیا گیا تھا جس کے خلاف ملک کے طول وعرض میں سیاسی جمہوری پارٹیوں اور تحریک بحالی جمہوریت نے صدا حق بلند کی تھی اور اُس وقت سندھ کے عوام پر جاری تشدد کیخلاف کوئٹہ شہر میں پر امن سیاسی جمہوری احتجاج کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں کوئٹہ کے مرکزی جامع مسجد سے نکلنے والا پر امن جلوس پر آمرانہ حکومت کی سرکاری کارندوں نے اندھا دھند فائرنگ ، آنسو گیس کی شیلنگ اور بدترین تشدد کیا گیا تھا جس میں پارٹی کے سرباز کارکن پارٹی کے چےئرمین محمود خان اچکزئی کی تحفظ میں آمرانہ کارندوں کے گولیوں کا نشانہ بنے اور اس طرح یکے بعد دیگرے پارٹی کے چار سرباز کارکنوں نے جام شہادت نوش کی۔ اس طرح صوبے میں قبضہ گیری کی سیاست کا راستہ روکنے کی پاداش میں کوئٹہ کے شہدا وطن نے جام شہادت نوش کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں آمرانہ اور جمہوری قوتوں کے درمیان جنگ جاری ہے اور 25جولائی کے انتخابات جس میں زر اور زور کا بے تحاشا استعمال ہوا تھا اور عوام کی حق رائے دہی کی پائمالی کی گئی وہ ساری دنیا اور ملک کے عوام کے سامنے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج بھی ملک کے سیاسی جمہوری پارٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے ووٹ کی تقدس کو بحال کرنے میں اپنا تاریخی جمہوری سیاسی رول ادا کرے۔ ہم آج اپنے عوام پارٹی کارکنوں سیاسی جمہوری قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمہوریت ، جمہوری سیاسی حقیقی پارلیمانی نظام کے قیام ، عوام کی حق حکمرانی ، ووٹ کی تقدس کی بحالی کیلئے کردار اداکرے۔ جب تک ملک میں حقیقی جمہوری پارلیمانی سیاسی نظام اور اس کا استحکام نہیں ہوگا ملک میں آئے روز سیاسی معاشی آئینی بحران سر اٹھاتے رہینگے ۔