گوادر پورٹ کو اٹھارویں ترمیم کے تحت بلوچستان حکومت کے حوالے کیا جائے ،رقیہ ہاشمی

  • October 5, 2018, 11:04 pm
  • National News
  • 109 Views

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گوادر پورٹ کو اٹھارویں ترمیم کے تحت بلوچستان حکومت کے حوالے کیا جائے اور اس کے تمام انتظامی معاملات حکومت بلوچستان کو دیے جائیں ۔یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو اختیارات منتقل کئے جانے تھے لیکن بد قسمتی سے ابھی تک یہ اختیارات اس طریقے سے منتقل نہیں ہوئے جس طرح سے اٹھارویں ترمیم میں یہ اختیارات صوبوں کو دیئے گئے ہیں صوبوں میں آج بھی بعض محکمے ابھی تک وفاق کے زیر انتظام چل رہے ہیں جو کہ صوبائی خودمختاری کے برعکس عمل ہے انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے حوالے سے وفاق نے کسی بھی معاملے میں بلوچستان کو اعتماد میں نہیں لیاجو کہ صوبائی خودمختاری میں کھلی مداخلت کے مترادف ہے جس کی ضمانت اٹھارویں ترمیم نے دے رکھی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ گوادر پورٹ سمیت دیگر محکموں کے اختیارات بلوچستان کو منتقل کرے ،اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبے کو صوبائی خودمختاری ملے تاکہ وہ اپنے وسائل کو بروئے کار لائے اوربلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔