گیس نرخوں میں اضافہ بلوچستان کے صارفین پر ظلم ہے ، ایچ ڈی پی

  • October 5, 2018, 11:03 pm
  • National News
  • 128 Views

کوئٹہ(پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں وفاقی حکومت کی طرف سے گیس و بجلی کی نرخوں میں بے تحاشا اضافہ کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مخالفت کرتے ہوئے عوام کے ساتھ سنگین زیادتی کے مترادف اقدام قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے چند مہینوں کے دوران عوام پر مہنگائی مسلط کر کے ان سے بنیادی ضروریات زندگی چھیننے کی کوشش کی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وفاق کو ملک میں موجود شرح غربت بیروزگاری اور پہلے سے موجود مہنگائی کے متعلق معلومات حاصل نہیں۔ خصوصاً بلوچستان کے بارے میں حالیہ سروے نے جس طرح غربت کی نشاندہی کی گئی ہے اسے نظرانداز کر کے گیس و بجلی کی نرخوں میں اضافہ کیا گیا جس کی وجہ سے بلوچستان کے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہونگے۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان اور ملک کے سرد علاقوں میں موسم سرما کے دوران گیس کا استعمال کئی گنابڑھ جاتا ہے شدید سردی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر سینکڑوں یونٹ گیس کا استعمال عام ہو جاتا ہے مگر وفاقی حکومت نے بلوچستان سمیت ملک کے سرد علاقوں کے عوام کی اس مجبوری و مشکل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی بلکہ اسلام آباد لاہور کراچی اور دیگر گرم علاقوں میں گیس کے استعمال کو دیکھتے ہوئے جس بے دردی کے ساتھ سرد علاقوں کے صارفین کو بھی مہنگائی کی لپیٹ میں لے لیا ہے اس سے وفاق کا سرد علاقوں کے عوام کے ساتھ ظلم زیادتی ضاہر ہوتاہے بیان میں کہا گیا کہ چند یونٹ کے استعمال کے بعد گیس و بجلی کی نرخوں میں دو گنا اور اس سے زیارہ حد عبور کرنے پر تین و چار گناہ اضافہ ہوتا ہے جو غریب صارفین کے قوت ادائیگی سے باہر ہو جاتا ہے جبکہ بے تحاشا اضافہ عوام کو گیس و بجلی چوری کرنے کی طرف راغب کرنے کا باعث بھی بنتا ہے۔ وفاقی حکومت سرد علاقوں بلخصوص بلوچستان کے عوام کی معیار زندگی اور غربت کے شرح کو دیکھتے ہوئے گیس کے نرخوں میں فوری کمی اور یونٹ کے استعمال میں خصوصی رعایت کا اعلان کر کے بلوچستان اور ملک کے سرد علاقوں کے عوام کیساتھ غریب دوستی کا ثبوت دیں۔