امان اللہ یاسین زئی صوبے میں بھائی چارگی کو فروغ دینگے ، حاصل بزنجو

  • October 5, 2018, 11:00 pm
  • National News
  • 135 Views

کوئٹہ(این این آئی ) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدرسینیٹرمیر حاصل خان بزنجو نے سابق چیف جسٹس بلوچستان جناب امان اللہ یاسین زئی کی بلوچستان کے گورنر کے حیثیت سے تقرری کو بلوچستان اور اس کے عوام کے لیے خوش آئند قرار دے کر اس اہم منصب پر انہیں مبارک باد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امان اللہ یاسین زئی بطور گورنربلوچستان یہاں کی برادر اقوام کے درمیان موجود بھائی چارگی و ہم آہنگی کی فضا کو فروغ دینے میں اپنی صلاحتوں کا بھرپور استعمال کرکے بلوچ و پشتون و دیگر قوموں کے درمیان موجود اتحاد و اتفاق کو مزید مستحکم بنائیں گئے۔ انہوں نے کہاکہ گورنر بلوچستان کے منصب کو متصبانہ روئیوں اور پالیسیوں سے دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس منصب کو حقیقی بلوچستانی کا روپ دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں اس حوالے سے بہت سی شکایتیں سامنے آئی ہیں لیکن امید رکھتے ہیں کہ سابق چیف جسٹس بلوچستان جناب امان اللہ یاسین زئی منفی تاثر کو ختم کریں گے اور اس آفس کے وقار کو بلند رکھیں گئے۔ نیشنل پارٹی بلوچستان میں قوموں کے درمیان نفرتوں و تعصب کی سیاست کی بھرپور انداز میں مخالفت کرتے ہوئے بھائی چارگی و ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا سیاسی و قومی کردار ادا کرے گی۔ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ صوبہ ہے اور اس میں بسنے والے عوام کے سیاسی قومی اور معاشی حقوق کے لیے بھرپورجدوجہد ہمارا قومی فریضہ ہے۔