اسلامی قوانین کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے،مولانا ہاشمی

  • October 3, 2018, 12:14 am
  • National News
  • 130 Views

کوئٹہ(پ ر)ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صدر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ اسلامی قوانین کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔ ملک میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ کے لیے ملی یکجہتی کونسل اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کا قوم سے جووعدہ کیا ہے ، اس پر عمل درآمد کرے ۔ملک میں اسلام کے سواکوئی ازم نہیں چلیگا‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں ملک بھر سے ملی یکجہتی کونسل کے ذمہ داران نے شرکت کی مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت نے آتے ہی تحفظ ناموس رسالت کے قانون کو ہاتھ ڈالا مگر دینی قوتوں کے احتجاج اور قوم کی بیداری کی وجہ سے اسے پسپائی اختیار کرنا پڑی ۔ قوم کو پوری طرح بیدار اور ہوشیار رہنا ہوگا حکومت نے آغاز پر ہی جن نازک ایشوز کو چھپڑا ہے ، خدشہ ہے کہ کسی وقت بھی کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتاہے ۔ موجودہ حکومت نے اقتصادی کونسل میں ایک قادیانی کو شامل کر کے اور پھر اس کی مہارت کی تعریفوں کے پل باندھ کر ثابت کردیا ہے کہ اس کے نزدیک ختم نبوت کے حوالے سے قوم کے جذبات اہمیت نہیں رکھتے ۔ حکومت کے ان اقدامات سے تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے خدشات نے جنم لیا ہے اور اس کی آئینی حیثیت کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ ملی یکجہتی کونسل بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی او راتحاد ا مت کے لیے کوشاں ہے اسلام ہمیں ایک دوسرے سے محبت و اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا اور شدت پسندی اور باہمی اختلافات سے روکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ 8 اکتوبر کو اسلا م آباد میں ہونے والی قومی مشاورت میں ملی یکجہتی کونسل کی تمام جماعتیں شرکت کریں گی ۔ حکومت نے اگر مدارس کے خلاف کوئی اقدام کیا تو ہم سب مدارس کے تحفظ کے لیے متحد ہوں گے اور حکومتی سازشوں کو کسی طرح کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ الیکشن میں دینی قوتوں کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیچھے رکھا گیا ۔