مرنے مارنے کا دورگزر چکا ، تعلیم ترقی کا واحدذریعہ ہے ، ثنا بلوچ

  • October 3, 2018, 12:13 am
  • National News
  • 174 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی ثناء اللہ بلوچ ، رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عز یز زہری ، رکن بلوچستان اسمبلی نصیراحمد شاہوانی ، رکن بلوچستان اسمبلی اختر حسین لانگو،رکن بلوچستان اسمبلی میراحمد نواز مینگل نے خضدار مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مرنے اور مارنے کا دور گزر چکا موجودہ دور تعلیم کا ہے تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے کہ جس کو عبور کرکے ہم کامیابی کی منازل طے کرسکتے ہیں ،وسائل کے ہوتے ہوئے اہداف حاصل کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے بلکہ محدود وسائل کے ہوتے ہوئے اہداف تک رسائی حاصل کرنا ہی اصل کارنامہ ہے ، یقیناًبلوچستان ایک غریب صوبہ ہے ہمارے پاس جوسہولیات دستیاب ہیں پہلی فرصت میں انہی پر انحصار کرکے ہمیں تعلیمی ترقی اور تعلیمی بہتری کے لئے اقدامات کرنے ہونگے ،خضدار شہر اس ریجن میں جنکشن کے طور پر نمودار ہورہاہے ، یہاں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار ، بلوچستان ریذیڈینشل کالج خضدار اور گرلز ڈگری کالج خضدار جیسے تعلیمی مراکز قائم ہیں جن سے تعلیمی شمعیں پھوٹ رہی ہیں اور یہ مستقبل میں موجودہ حیثیت سے بڑھ کر تعلیمی گہوارہ ثابت ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مرد سے زیادہ ایک ماں اورایک بہن و بیٹی قوم کو بنا سکتی اور سدھار سکتی ہیں ، آج کی یہ بچیاں جو زیر تعلیم ہیں وہ مستقبل کے معمار بننے ہیں بچیاں اپنے احساس کو بالاتر رکھیں آپ میں سے ہی ایک بیٹی کل کو قوم کی لیڈر بنے گی ، لہذا تعلیم پر توجہ دیں اورآس پاس کی ناخواندہ بچیوں اور بچوں پر نظر مرکوز کرکے انہیں بھی تعلیمی درسگاہوں کی طرف لانے میں کردار ادا کریں تب ہی ہم تعلیمی ناخواندگی کے خاتمہ میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔