گوادر، وزیراعلیٰ کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ

  • September 29, 2018, 11:42 pm
  • National News
  • 33 Views

گوادر (خ ن ) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت قائم کئے جانے والے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کیا اس موقع پر ڈی جی جی ڈی اے نے وزیراعلیٰ کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 94.870 5ملین روپے ہے جس پر کام کا آغاز جنوری 2015ء میں ہوا اور منصوبے کا 80فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، پلانٹ کے ذریعہ پرانے گوادر ٹاؤن کے سیوریج واٹر کو ٹریٹمنٹ کرکے پارکوں اور درختوں کے لئے استعمال کیا جائے گا جس سے ایک جانب تو گوادر کے نکاسی آب کے نظام کی بہتری ہوگی تو دوسری جانب شہر میں پارکوں کیلئے پانی دستیاب ہوگا اورشہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پلانٹ سے متعلق مختلف سوالات کئے، انہوں نے کہا کہ گوادر، پسنی، تربت میں پانی اور دیگر شعبوں میں ایسے بے شمار منصوبے ہیں جن پر طویل عرصہ سے کام جاری ہے اور خطیر فنڈز صرف ہوچکے ہیں تاہم اب تک عوام تک ان کے ثمرات نہیں پہنچ سکے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو 30نومبر 2018ء تک ہر صورت میں مکمل کیا جائے اور وہ خود اس منصوبے کا افتتاح کریں گے، ڈی جی نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ مقررہ تاریخ تک منصوبے کو فعال کردیا جائے گا۔