دہشتگردوں کے خاتمے تک فورسز آپریشن جاری رہیگا، وزیراعلیٰ

  • September 28, 2018, 12:21 am
  • National News
  • 75 Views

تربت(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گذشتہ روز مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے دہشت گردوں سے مقابلے میں دو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے، وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے مقابلے میں دہشت گردوں کو کیفرکرا تک پہنچاکر ثابت کیا ہے کہ دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو پرامن بنانے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی کو بدامنی پیدا کرنے اور صوبے اور عوام کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنی نوجوان نسل کو تعلیم یافتہ بناتی ہیں ترقی ان قوموں کے قریب آجاتی ہے، بدقسمتی سے ہم تعلیمی شعبہ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور ترقی بھی ہم سے دور ہے، ہم سب محنت اور لگن کے ساتھ اس فرق کو ختم کرنا ہے جس میں اہم کردار طلباء کا ہوگا، اگر وہ شوق اور عزم کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے تو اس کا فائدہ ملک او رصوبے کو پہنچے گا،وہ طلباء کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے اور حکومت تعلیمی اداروں میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ ان کی سرپرستی کرے گی، انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنے والدین کی امیدوں پر پورااترتے ہوئے اپنی یونیورسٹی کا معیار بھی بلند کریں اور خود کو ایک کامیاب انسان ثابت کریں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم تعلیم کے شعبہ میں جتنا بھی کام کریں وہ کم ہوگا کیونکہ دنیا آگے جاچکی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور کا مستقبل روشن ہے، طلباء سیاست بھی کریں لیکن مثبت اور تعمیری سوچ اپنائیں، انہوں نے کہا کہ تربت جیسے دور دراز علاقے میں یونیورسٹی کا قیام ایک بڑی پیشرفت ہے اور انہیں طلباء کے روشن چہرے دیکھ کر خوشی اور اطمینان محسوس ہورہا ہے، قبل ازیں یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے سپاسنامہ پیش کیا، بعد ازاں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء نے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے، وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی میں پودا لگایا اور نئے فیکلٹی بلاک کا افتتاح کیا۔