اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی ،بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لے لیں

  • September 28, 2018, 12:21 am
  • National News
  • 32 Views

کوئٹہ(این این آئی)اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لے لیں۔اے این ایف کے ذرائع کے مطابقے این ایف کوئٹہ نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی کے دوران، کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ایک ٹویوٹا فیلڈر کار کو قبضے میں لے کر اس میں سے 3 کلوگرام چرس اور 500 گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر لی جبکہ گاڑی میں موجود کوئٹہ کے رہائشی سید خان نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ اطلاعات پر مبنی ایک اور کاروائی کے دوران، اے این ایف کوئٹہ نے کیپٹن سفر خان شہید چوک ، کمبرانی روڈ، کوئٹہ کے قریب سے ایک سوزوکی کلٹس کار کو قبضے میں لے کر 360 گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر لی جبکہ گاڑی کے ڈرائیور چاغی کے رہائشی فضل اللہ کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف کوئٹہ نے پرانے ٹرک اڈے ، لنک روڈ، کوئٹہ کے قریب سے ایک رکشہ کو قبضے میں لے کر اس میں موجود کوئٹہ کے رہائشی عبدالرحیم اور حکمت اللہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3.4 کلوگرام افیون اور 4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف کوئٹہ نے سراون اڈا ،نزد روڈیزینیا پٹرول پمپ، ٹاسپ روڈ، خدا بندھن، پنجگورکے قریب سے پنجگور کے رہائشی خادم حسین، عامر، علی نواز اور ظہیر محمد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4.2 کلوگرام چرس، 450 گرام افیون اور 150 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔