بلوچستان بھرمیں وکلاء کی پھر ہڑتال ،سائلین رل گئے

  • September 28, 2018, 12:14 am
  • National News
  • 48 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وکلاء پرتشدداور گرفتاریوں کیخلاف پاکستان بار کونسل کی کال پرملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلاء تنظیموں نے بغیر تمام عدالتی کاروئیوں کا بائیکاٹ کیا،مختلف نوعیت کے کیسوں کی سماعت تاخیر کاشکار،وکلاء احتجاجاًکسی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے،دوردراز سے آئے ہوئے سائلین کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلدیہ پلازہ کے قریب گاڑیوں کی پارکنگ کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ اور وکلاء کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پولیس اہلکاروں نے گاڑیوں کے ٹائرپنکچر کرلئے جس کیخلاف وکلاء مشتعل ہوگئے ،اس دوران سینئر وکیلوں کو گرفتار کرلیا گیا جس کیخلاف وکلاء تنظیموں نے احتجاجاً دھرنا دے دیا،واقعے کیخلاف ملک بھر کے وکلاء سراپااحتجاج پاکستان بار کونسل کی کال پروکلاء تنظیموں نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں عدالتی کاروائیوں کابائیکاٹ کیا، وکلاء کسی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کی سے دوردراز کے علاقوں سے آئے سائلین کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ بار کے جوائنٹ سیکریٹری ملک عابد پانیزئی ایڈووکیٹ کاکہناتھا کہ بلدیہ پلازہ میں وکلاء کی گاڑیوں کو پارک کرنے کیلئے خصوصی اجازت نامہ لیا تھا مگر گزشتہ دن اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے بغیر اطلا ع کے غلط فہمی کی بنیادپر خنجر سے گاڑیوں کے ٹائر برسٹ کراے جس سے وکلاء کو ہزاروں روپے کانقصان ہوا ۔ان کاکہناتھا کہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوانین پرعملدرآمدکرائے مگر افسوس وہ خود قانون توڑنے لگے ہیں ،قانون کے تحت گاڑیوں کو لفٹ کرکے چالان کرتے مگر ہمیں اطلاع دیئے بنا یک طرفہ کاروائی کی گئی جو کہ غیر جمہوری تھا،قانون کے تحت بلا جوازکسی کی گاڑی کی ہوا نکالنابھی جرم ہے ۔پاکستان بار کونسل کی کال پر بائیکاٹ کااعلان کیاگیا اور اسسٹنٹ کمشنر کیخلاف ایف آئی آڑ درج کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ،ان کاکہناتھا کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے آئندہ ایسے اقدامات کئے تو لائحہ عمل طے کرکے شدیداحتجاج کریں گے۔اس موقع پر ائیرپورٹ روڈسے آئے ہوئے قطب خان نامی سائل کاکہناتھا کہ آئے روز وکلاء کے احتجاج کے باعث ان کے کیسوں کی سماعت نہیں ہوپاتی اور ہرپار نئی تاریخ دی جاتی ہے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔