کوئٹہ شہر اورکنٹونمنٹ ایرایا میں سڑکوں کی بندش،ضلعی انتظامیہ کو نوٹسز

  • September 28, 2018, 12:11 am
  • National News
  • 49 Views

کوئٹہ ( آئی این پی )بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے کوئٹہ شہر اور کنٹونمنٹ ایریا میں بلاکس کے ذریعے سڑکوں کی بندش اور ٹریفک سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران میئرکوئٹہ ،آئی جی پولیس ،کمشنر کوئٹہ ،ایس ایس پی ٹریفک اور کنٹومنٹ ایگزیکٹو آفیسر کو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ بتایاجائے کہ کس قانون کے تحت شاہراہیں بلاک کی گئی ہیں ۔یہ حکم ڈویژنل بینچ نے سید نذیر�آغاایڈووکیٹ کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔سماعت کے موقع پردرخواست گزار سید نذیرآغا ایڈووکیٹ ،اقبال شاہ ایڈووکیٹ ،کیوڈی اے کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ ،اے اے جی شہک بلوچ ،میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ کے محمد ریاض ،پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ کے لاء آفیسر محمد اختر پیش ہوئے سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ شہر اورکنٹومنٹ ایریا میں نہ صرف مستقل طورپر سڑکیں بلاک کی گئی ہیں بلکہ مختلف سڑکوں اور خاص کر ریڈ زون ،زرغون روڈ اور ائیرپورٹ روڈ پر مختلف وی آئی پی موومنٹ کے باعث ٹریفک کا مسئلہ جنم لے رہاہے جس کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد کو مشکلات کا سامنارہتا ہے اس لئے بلاکس کو ہٹانے کی التجاء کی جاتی ہے اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ ایک اہم نوعیت کا مسئلہ ہے اس لئے میئر میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ ،آئی جی پولیس ،کمشنر کوئٹہ ،ایس ایس پی ٹریفک اور کنٹومنٹ ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وضاحت پیش کریں کہ اگر کوئی روڈ کوئٹہ شہر اور کنٹومنٹ ایریامیں بلاک ہے توبتایاجائے کہ یہ کس قانون اور کس کی ہدایات پر کیاگیاہے ،اے جی اور کنٹومنٹ بورڈ کے فاضل کونسل ایسے سڑکوں کی تفصیل دیں جو مستقل طورپر بند ہے ،آئی جی پولیس اور ایس ایس پی پولیس بھی وی آئی پی موومنٹ اور پروٹوکول سے متعلق تفصیل دیں اس کے علاوہ سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام اور سڑکوں کی توسیع اگر ہوئی ہو سے متعلق پروگریس رپورٹ پیش کریں میٹروپولیٹن کارپوریشن اور کنٹومنٹ بورڈ کا سی ای او ٹریفک اور پارکنگ سے متعلق تجاویز دیں بعدازاں سماعت کو9اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔عدالت نے حکم کی کاپی میئرمیٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹری داخلہ ،آئی جی پولیس ،کمشنر کوئٹہ ،ایس ایس پی ٹریفک اور کنٹومنٹ ایگزیکٹو آفیسر کوئٹہ کو بھیجنے کے بھی احکامات جاری کردئیے۔