بلوچستان عوامی پارٹی میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے ،میر سلیم کھوسہ

  • September 20, 2018, 10:13 pm
  • National News
  • 186 Views

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیرداخلہ میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے صوبائی حکومت اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر عوام کے مفاد میں فیصلے کر رہی ہے جسکے ثمرات جلد عوام کو ملنا شروع ہوجائیں گے صوبائی حکومت اپنی مدت انشاء اللہ پوری کریگی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ’’این این آئی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی ایک بڑی پارلیما نی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور پارلیمانی ارکان جام کمال کی قیادت میں متحد ہیں اور تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بلوچستان کے فیصلے اسلام آباد یا لاہور میں بیٹھ کر لئے جاتے تھے آج الحمد اللہ بلوچستان عوامی پارٹی کی بدولت صوبے کے فیصلے یہیں بیٹھ کر کئے جارہے ہیں اورصوبائی حکومت اپنے اتحادیوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے اور تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں میں اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے بعض عناصراپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے اس قسم کی من گھڑت خبریں پھیلا رہے ہیں جسکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مالی پوزیشن مستحکم نہیں ہے اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان کی تعیناتی وفاقی معاملہ ہے گورنر کی تعیناتی پر کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی مدت انشاء اللہ پوری کریگی اور صوبائی حکومت کے فیصلوں کے ثمرات جلد عوام کو ملنا شروع ہوجائیں گے اور عوام مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔