عدالتی فیصلہ سچائی کی فتح ہے ،راحیلہ درانی

  • September 19, 2018, 12:00 am
  • National News
  • 352 Views

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان اسمبلی کی سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عالیہ نے انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے جو تاریخی فیصلہ دیا ہے یہ سچائی کی فتح ہے اس سے ملک میں جمہوریت مزید مستحکم ہوگی ،یہاں جاری کئے گئے بیان میں سابق سپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ عدلیہ آزاد ہوکر انصاف کے تقاضے پورے کرے اورآج کے فیصلے نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اس سے ملک میں جمہوریت کی جڑیں مزید مستحکم ہونگی انہوں نے کہا کہ آج ملک جن حالات سے گزررہا ہے ان حالات میں عدلیہ پربڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور عوام کی نظریں بھی عدلیہ پر مرکوز ہیں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے سربراہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ان کی صاحبزادہ مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدر کو انصاف ملنے سے ایک نئے باب کا آغاز ہواہے اوریہ بات بھی ثابت ہوگئی ہے کہ عدلیہ آج بھی آزاد ہے ناانصافی نہیں ہونے دے گی انہوں نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف مریم نوازاور کیپٹن(ر)صفدر کے حق میں فیصلے نے سیاست اور جمہوریت کو ایک نیا رخ دیا ہے آنے والے دنوں میں مسلم لیگ مزید فعال اور مستحکم ہوگی عدلیہ کا فیصلہ جمہوریت اورسچائی کی فتح ہے۔