بلوچستان کے تمام ضلعی وڈویژنل اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ، نصیب مری

  • September 19, 2018, 11:58 pm
  • National News
  • 245 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) صوبائی وزیر صحت بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر نصیب اللہ مری نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرہسپتالوں میں محرم الحرام کے موقع پر ایمر جنسی نافذ کرتے ہوئے ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں سمیت دیگر عملے کی موجودگی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عاشورہ کے جلوس کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے اور محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے تمام اسپتالوں سول سنڈیمن ہسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال، شیخ زید ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال سمیت بلوچستان کے تمام ڈویڑنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے گا صوبائی وزیر صحت نے سیکرٹری صحت ، ڈی جی ہیلتھ اور ڈی ایچ اوز سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہے کہ عاشورہ کے دوران ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ رہے گی ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی اپنی ڈیوٹیوں کو حاضر رہے گا کوئی بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر نہیں ہوگا اگر کوئی غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میر نصیب اللہ مری کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال کے واضح احکامات کی روشنی میں کوئٹہ سمیت صوبے کے طول و عرض میں بسنے والے عوام کو ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ڈاکٹروں کی موجودگی اور ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے صحت کی سہولیات دیں تاکہ انہیں اپنی دہلیز اور اپنے شہر اور صوبے میں علاج معالجہ کی سہولیات میسر ہوں محکمہ صحت کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں صوبہ ہمارا ہے اور ہم نے ہی عوام کے دکھ درد محسوس کرتے ہوئے اور اسے دور کرنا ہے حکومت کوشش کررہی ہے کہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جائینگی۔