الیکشن ٹریبونل میں متفرق انتخابی اپیلوں کی سماعت

  • September 19, 2018, 11:58 pm
  • National News
  • 366 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹربیونل کے روبرو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 267،حلقہ این اے 270اور حلقہ این اے 271میں مبینہ دھاندلی سے متعلق دائر انتخابی اپیلوں کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روزالیکشن ٹربیونل کے روبرو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 267میں مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست گزار منظور بلوچ کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کے دوران الیکشن ٹربیونل نے درخواست پر فریقین کونوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔مذکورہ حلقے سے متحدہ مجلس عمل کے سید محمود شاہ کامیاب قرار پائے تھے اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 270میں مبینہ دھاندلی سے متعلق دائر اپیل کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار محمد حنیف کی جانب سے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ پیش ہوئے درخواست گزارکی جانب سے نوٹسز جاری کرنے سے قبل مہلت پر سماعت کو یکم اکتوبر تک ملتوی کردیاگیا۔این اے 270سے بلوچستان عوامی پارٹی کے احسان اللہ ریکی کامیاب قرار پائے تھے ۔دریں اثناء بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹربیونل کے روبرو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے271میں مبینہ دھاندلی سے متعلق دائر اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار جان محمد دشتی کی جانب سے ان کے وکیل نادر چھلگری ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیارکیاکہ سیکورٹی خدشات پر مند بلو کے علاقے ووٹنگ نہ ہونے کے باوجود بھی کامیاب قرار دی جانے والی امیدوار کے حق میں ووٹ سامنے آئے وہاں دھاندلی کرکے خاتون امیدوار کو کامیاب کرایاگیا اس لئے قومی اسمبلی کے مذکورہ حلقے پر کالعدم قرار دیکر ری الیکشن کا حکم دیاجائے جس پر فریقین کو نوٹسز کے اجراء کے بعد سماعت 26ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔دریں اثناء گزشتہ روز الیکشن ٹربیونل کے روبرو حلقہ پی بی 37میں مبینہ دھاندلی سے متعلق دائر اپیل کی سماعت کے دوران درخواست گزارا میر سعیداحمد لانگو کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ حلقہ پی بی 37کے نتائج 6روز کی تاخیر سے جاری کئے گئے ہماری اپیل ہے کہ حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور نادرا سے تصدیق کرائی جائیں جس پر الیکشن ٹربیونل نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جا ری کردئیے اپیل کی اگلی سماعت 26ستمبر کو ہوگی ۔دریں اثناء گزشتہ روزبلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹربیونل کے روبرو صوبائی اسمبلی کی حلقہ پی بی 47میں مبینہ دھاندلی سے متعلق دائر اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار جمیل دشتی کے وکیل نادر چھلگری ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ مذکورہ حلقے میں دھاندلی کے ذریعے امیدوار عبدالرؤف رند کو کامیاب کرایاگیا اس لئے حلقے میں انتخابات کا کالعدم قرار دیکر ری الیکشن کرائے جائیں عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 26ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔