عوامی مفادات کے منصوبوں کو اپنے دور حکومت میں ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، نور محمد دمڑ

  • September 19, 2018, 11:53 pm
  • National News
  • 113 Views

کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ/واسا نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ عوامی مفادات کے منصوبوں کو اپنے دور حکومت میں ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کا مکمل تعاون ہمیں حاصل ہے مانگی ڈیم منصوبے کی تکمیل سے کوئٹہ شہر کو پانی کی فراہمی کیلئے مثبت پیشرفت ہوگی اور مسئلے پر قابو پانے میں یہ منصوبہ کافی حد تک مدد گار ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر مانگی ڈیم زرک خان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کچھی پلین واٹر شہزادہ خان جوگیزئی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیااس موقع پر چیف انجینئر نارتھ نظام الدین جوگیزئی اور پروجیکٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ مانگی ڈیم کی تعمیر کا کا م مارچ2017میں شروع ہوا جس کا 20فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ڈیم کی تعمیر کے بعد تین سال کا عرصہ بھرائی میں لگے گا جس کے بعد کوئٹہ تک52کلو میٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے پانی پہنچایاجائیگا جبکہ کچھی پلین واٹر پروجیکٹ اس وقت محدود بجٹ کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے صوبائی وزیر نے مانگی ڈیم کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم کی تکمیل کے کام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے مزید ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں فنڈز کی فراہمی سے متعلق بات کریں گے تاکہ کوئٹہ میں پانی کے مسئلے پر مکمل طور پر قابو پا سکیں انہوں نے کہا اس کوئٹہ شہر سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع جن میں سرفہرست گوادر ‘لورالائی‘ قلعہ سیف اللہ‘ سبی‘ قلعہ عبداللہ‘ خضدار اور لسبیلہ سمیت دیگر اضلاع پینے کے پانی کی کمی کا شکار ہیں ہماری ترجیحات میں شامل ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کو پانی فراہم کریں اس سلسلے میں شب و روز بھرپور کوششیں کریں گے تاکہ عوام کو مطمئن کیا جا سکے صوبائی وزیر نے کچھی پلین واٹر پروجیکٹ کے فنڈز کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ حکام سے رابطے کئے جائیں گے تاکہ اس عوامی مفاد کے پروجیکٹ کو بروقت مکمل کیا جا سکے علاوہ ازیں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے آئی جی پولیس بلوچستان محسن بٹ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں جاری پروجیکٹس کی تکمیل کے مراحل میں درپیش سیکورٹی خدشات سے آگاہ کیا جس پر آئی جی پولیس نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔