قلعہ سیف اللہ ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2لیویز اہلکار شہید ،وزیراعلیٰ کی تعزیت

  • September 18, 2018, 11:25 pm
  • National News
  • 94 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے جنکشن چوک پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2لیویز اہلکار شہید جبکہ ایک شدیدزخمی ہوگیاہے ۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ضلع قلعہ سیف اللہ شہر میں سرکٹ ہاؤس کے قریب جنکشن چوک پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2لیویز اہلکار موقع پرجاں بحق جبکہ ایک شدیدزخمی ہوگیاہے جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران قلعہ سیف اللہ شہر میں لیویز پر یہ دوسرا دہشتگردانہ حملہ ہے جس میں اب تک 3لیویز اہلکاران جان کی بازی ہارگئے ہیں ۔قلعہ سیف اللہ میں لیویز اہلکار کی گزشتہ دنوں ہلاکت کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی تھی بلکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی ریلی اور مظاہرے کا بھی انعقاد کیاگیاتھا۔لیویز اہلکاروں پر حملے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہے ۔دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے قلعہ سیف اللہ میں دہشت گردوں کی فائیرنگ سے2لیویز اہلکاروں کی شہادت اور ایک اہلکار کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی مزمت کی ہے وزیراعلی نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں دہشت کردی کے حالیہ واقعات کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو ایسے واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر کی سر کوبی کے لئے موثر اور مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ امن کے دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں وزیراعلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔