میجر افضل کی ٹارگٹ کلنگ حکومتی کارروائی پر سوالیہ نشان ہے ، پشتونخوامیپ

  • September 17, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 139 Views

کوئٹہ(پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ضلع قلعہ سیف اللہ شہر کے بازار میں دن دہاڑے ممتاز اور باجرات لیویز آفیسر رسالدار میجر محمد افضل خان اخترزئی کی ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں ان کے شہادت کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز پشین میں بم دھماکے اور لیویز سپاہیوں کی شہادت وزخمی ہونے کے بعد ایک باہمت اور ایماندار لیویز آفیسر رسالدار میجر محمد افضل خان اختر زئی کی ٹارگٹ کلنگ کا دہشتگردی پر مبنی واقعہ صوبائی حکومت ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کیونکہ دہشتگردی ، لاقانونیت اور بدامنی اور مختلف علاقوں میں چوری ڈکیتی ، گاڑیوں ،موٹرسائیکلوں کے چوری ہونے جیسے عوام دشمن واقعات میں رفتہ رفتہ اضافہ درحقیقت ان عوام دشمن عناصر اور ان کے خفیہ واشکارہ سہولت کاروں کی طرف سے منصوبہ بند سازش ہے ۔او ر وہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے معصوم عوام پر خوف وہراس مسلط کرنے کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنیوالے اداروں بالخصوص لیویز اور پولیس کے آفیسروں وسپاہیوں کو ٹارگٹ بنانے کا مقصد دن رات ہر علاقے کے شہروں ، ان کے بازاروں ، چھوٹے بڑے قصبوں ، دیہاتوں اوردوردراز علاقوں میں عوام کے سرومال کی حفاظت کرنیوالے ان عوامی فورسز کے مورال کو گرانے اور انھیں اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار کرنے کی سازش کی ایک اہم کڑی ہے ۔ بیان میں صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اگر ایک طرف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے بالخصوص ایف سی کی تمام ضروریات پوری کرنے کے ساتھ اب ہنگامی بنیادوں پر ہر ضلع میں لیویز اور پولیس کی تعداد نفری میں فوری اضافہ کی منظوری دینے اور انھیں جدید بنیادوں پر تعلیم وتربیت اور جدید اسلحے سمیت تمام وسائل مہیاکرنے کی اشد ضرورت ہے تودوسری طرف صوبائی اور وفاقی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ایسے تمام دہشتگرد عناصر کے خلاف بلا تفریق اچھے اور برے کی تمیز کےئے بغیر تسلسل اور حکمت وتدبیر کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھنا ان کی ذمہ داری ہے ۔اور قومی ایکشن پلان کے نکات کو مد نظر رکھتے ہوئے بروقت نتائج کی فراہمی اور اس سے تمام عوام کی آگاہی لازمی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کی مکمل اکثریت کے پرامن تمام علاقوں سمیت صوبے کے مزید ایسے پر امن علاقوں میں ان عوام دشمن عناصر تک عدم رسائی اور ان کے نیٹ ورک تک نہ پہنچنے کی کوئی بھی عذر قابل قبول نہیں۔ بلکہ یہ بات قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ہمت اور صلاحیتوں کو مشکوک بنانے کے مترادف ہے جو صورتحال کو مزید خطرناک بناتے ہوئے یہ بات کسی بھی صورت اور کسی بھی صورتحال میں کسی کو بھی قابل قبول نہیں۔ بیان میں صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہ وہ ایسے تمام عوام دشمن واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اصل ملزموں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کیلئے اپنے تمام اداروں کو چوکس کرتے ہوئے انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ بیان میں شہید ہونیوالے ممتاز اور باجرات لیویز آفیسر رسالدار میجر محمد افضل خان اخترزئی کے قومی ، سرکاری اور علاقائی خدمات اور ان کی ایماندارانہ طرز وعمل وشفاف کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے خاندان اور عزیز واقارب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندکرنے اور پسماندہ گان کو صبر جمیل عطاء کرنے کی دعا کی گئی ہے ۔