کرپشن کیسز کی سماعت، سابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن قاسم بلوچ کے وارنٹ گرفتاری

  • September 17, 2018, 11:55 pm
  • National News
  • 135 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی نے گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن کے ریفرنس میں نامزد محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن کے سابق ڈائریکٹر جنرل قاسم بلوچ کی عدم پیشی پردوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔گزشتہ روز محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن میں گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت شروع ہوئی تو ریفرنس میں نامزد سابق ڈی جی ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن قاسم بلوچ عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے جبکہ دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے ،عدالت نے ملزم قاسم بلوچ کی عدم پیشی پر دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 3اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔سابق ڈی جی ایکسائزوٹیکسیشن اور دیگر پر8سو سے زائد گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن کاالزام ہے ۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو امراض قلب کے مریضوں کیلئے اسٹنٹس کی خریداری میں خوردبرد سے متعلق دائرریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران نامزد ملزمان شعبہ امراض قلب کے سابق سربراہ ڈاکٹر عابد امین ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی محمد یوسف بزنجو ، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر مسعود قادر نوشیروانی ، سابق ڈائریکٹرز ( لاجیسٹکس) ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر عیسیٰ خان جوگیزئی ودیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے کیس کی پیروی اسپیشل پراسیکیوٹرراشد زیب گولڑہ نے کی ۔سماعت کے دوران گواہ استغاثہ ہیلتھ ٹیک کے احسان اللہ نے اپنا بیان قلم بند کروادیا جس پر وکلاء صفائی کی جانب سے جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 8اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔یاد رہے کہ ملزمان پر امراض قلب کے مریضوں کیلئے اسٹنٹس کی خریداری کی مد میں کروڑوں روپے کرپشن کے الزام میں ریفرنس دائر کیاگیاتھا۔احتساب عدالت کوئٹہ II کے جج جناب پذیر احمد بلوچ کے روبرو گندم خوردبر دسے متعلق دائر ریفرنسز کی سماعت ہوئی ۔گزشتہ روز ریفرنس نمبر 1/2015 میں نامزد ملزمان سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور عبدالولی کاکڑ عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم گواہان شان محمد اور منیر مسیح کے عدم حاضری کے باعث سماعت میں پیش رفت نہ ہوسکی عدالت نے عدم پیشی پر گواہان سب انسپکٹرشان محمد اور منیر مسیح کی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مذکورہ ریفرنس کی سماعت8اکتوبر تک ملتوی کردی اس کے علاوہ عدالت کے روبرو گندم خوردبرد سے متعلق ریفرنس نمبر4/2016 کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران نامزد ملزمان سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور سابق ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک ظاہر جان جمالدینی عدالت کے روبرو پیش ہوئے بعدازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 9اکتوبر تک کیلئے ملتو ی کردی ۔علاوہ ازیں گندم خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس نمبر 6/2016میں نامزد ملزمان سابق وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ،سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ ،امین آغا،سید نعیم آغا،شیر زمان ترین اور محمد نعیم عدالت کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران وکلاء صفائی کی جانب سے گواہ استغاثہ ضیاء الحق پر جرح مکمل کرلی گئی بلکہ ایک اور گواہ کا بھی بیان قلم بند کرلیا گیا تاہم ان پر جرح اگلی سماعت کو مکمل کی جائیگی سماعت کو 9اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیاہے ۔