دہشت گرد عناصر کو انکے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا،صوبائی وزیر داخلہ

  • September 14, 2018, 11:09 pm
  • National News
  • 127 Views

کوئٹہ (خ ن ) صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ نے صوبائی وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی کے ہمراہ سول ہسپتال ٹراما سینٹر کا دورہ کیا ۔جہاں انہوں نے گذشتہ روز پشین بائی پاس پراسسٹنٹ کمشنربرشور کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکہ میں زخمی ہونے والے لیویز اہلکاروں کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔صوبائی وزیر داخلہ نے اس موقع پر بتایا کہ دھماکے میں استعمال ہونے والابم ایک موٹرسائیکل پر نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا ۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ انہوں نے متعلقہ حکام سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے اورجلدہی اس حوالے سے پیش رفت ہوگی انہوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث عناصر کو کسی طور پر معاف نہیں کیا جائے گا اور جلد ہی انہیں قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات ظہوراحمدبلید ی نے کہا کہ بم دھماکہ میں لیویز اہلکاروں کی قیمتی جانوں کا ضیاع افسوس ناک ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب دہشت گردی کے خاتمے کے لیئے پرعزم ہیں اور عوام کے بھرپور تعاون سے دہشت گرد عناصر کو انکے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے لیویز اہلکاروں کو تما متر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔