دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنا ہوگا، پشتونخوامیپ

  • September 14, 2018, 11:08 pm
  • National News
  • 92 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی بیان میں پشین شہر میں اسسٹنٹ کمشنر برشور کے گاڑی پر دہشتگردانہ بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں تین لیویز اہلکاروں کی شہادت پر رنج وغم کا اظہار کیا گیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحیتابی کی دعا کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے اس انسانیت دشمن حملے کا مقصدلیویز فورس ، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر دباؤ ڈالنے ، معصوم عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کرنے ، انارکی پھیلا کر لاقانونیت وبدامنی کے ماحول کوپروان چڑھانے اور زور وزبردستی کے ذریعے اپنے باطل نظریات مسلط کرکے مذموم عوام دشمن عزائم کی تکمیل کیلئے ایک اور ناکام سازش اور کوشش ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے ملک کے حکمرانوں کی چالیس سالہ بداعمالیوں اور غلط پالیسیوں وغلط اقدامات کے باعث آج ملک کے ہر گوشے میں ہمارے حکومتی اداروں اور معصوم عوام کو ایسے دہشتگردی ، انتہا پسندی ،فرقہ واریت اور انسانیت دشمنی پر مبنی صورتحال اور واقعات کا مسلسل سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ اس سے نجات کی خاطر ملک اور اس کے حکومت کے تمام اداروں اور تمام سیاسی جمہوری قوتوں تمام مکتبہ فکر تنظیموں ، سول سوسائٹی سمیت سب نے متحدہوکر ایک آواز بننا ہوگا۔اور ہر قسم کی دہشتگردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اپنی قومی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی اور کسی بھی سطح پر اچھے اور برے کی اور اپنے وپرائے کی تمیز کےئے بغیر ایسے تمام عوام دشمن ، انسانیت دشمن عناصر ، ان کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بروقت اور تسلسل کے ساتھ کارروائیاں کرنی ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں ملک کی تمام سیاسی جمہوری قوتوں وحکومتی اداروں کی جانب سے متفقہ طور پر جو پالیسی بناکر نیشنل ایکشن پلان کی صورت میں اعلان کیا گیا تھا اسی پرعملدرآمد ضروری ہے اب بھی نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد نہیں ہورہا ۔ اسی وجہ سے وقفے وقفے کے ساتھ دہشتگردی کے ایسے دلخراش اور انسانیت دشمن واقعات جنم لیتے ہیں ۔ بلکہ صورتحال کے معمول پر آنے کے معمولی وقفے کی وجہ سے متعلقہ ادارے اپنی ترجیحات اور ذمہ داریوں سے غافل ہوجاتے ہیں ۔ جبکہ گزشتہ صوبائی حکومت نے امن وامان کی بہتری کیلئے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی ضروریات پوری کرتے ہوئے ہر قسم کے وسائل مہیا کررکھے ہیں ۔ لہٰذا ضروری ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے تمام ادارے باہمی ربط کے ذریعے اور تسلسل کے ساتھ ہر علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ بیان میں شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں ۔ دریں اثناء پشتونخوامیپ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان نے پشین سول ہسپتال میں جاکر بم دھماکے میں زخمی ہونیوالوں کی عیادت کی ۔