محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات سخت کئے جائیں ،صوبائی وزیر داخلہ

  • September 14, 2018, 11:07 pm
  • National News
  • 129 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) صوبائی وزیر داخلہ محمد سلیم کھوسہ نے کہاہے کہ محرم الحرام کے سیکیورٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کو بہتر کرنے کے ساتھ نہ صرف سخت کئے جائیں بلکہ فول پروف بھی ہوں ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز سینٹرل پولیس آفس میں محرم الحرام کے حوالے سے پولیس کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے دوران کہی ۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری داخلہ حیدر علی شکوہ ، ایڈیشنل آئی جی پولیس منظور سرور چوہدری، ریجنل پولیس آفیسر و ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ و دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر داخلہ کومحرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتا یا گیا کہ یکم تا دسویں محرم بیس ہزار پولیس کے آفیسر ان اور جوان تعینات ہوں گے جبکہ اس کے علاوہ فرنٹیئر کور کے جوان بھی ہوں گے ۔ اسی طرح جلو س کے روٹس اور دیگرحساس مقامات پر 130 کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ انہیں بتایا گیا کہ کوئٹہ میں مزید 48 ناکہ جات اور موبائل گشت میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ چیکنگ کے نظام کو مزیدبہتر بنایا جائے گا ۔ انہیں بتایا گیا کہ شہر میں ہوٹلوں ، سراؤں اور کرایہ کی رہائش گاہوں اور رہائش پذیر افراد کے ریکارڈ کی چیکنگ کا کام جاری ہے انہیں بتایا گیا کہ جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے براہ راست قائم کئے گئے 2 کنٹرول رومز ہوں گے ۔ صوبائی وزیر داخلہ محمد سلیم کھوسہ نے محرم جلوس کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکتبہ ہائے فکر کے افراد مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں اور کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ یہاں رہنے والوں کا مسلک میں کوئی اختلافات نہیں ہے البتہ ہمارا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کو ہم اتحاد کے ساتھ جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں کو یکسر مسترد کردیں گے ۔