پاسپورٹ دفتر کو رشوت خوری و عوام دشمنی کے مرکز میں تبدیل کیا گیا ہے،ایچ ڈی پی

  • September 14, 2018, 11:07 pm
  • National News
  • 205 Views

کوئٹہ (پ ر ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں کوئٹہ پاسپورٹ آفس کے آفیسروں اور اہلکاروں کی عوام و ہزارہ دشمن رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ دفتر کو رشوت خوری و عوام دشمنی کے مرکز میں تبدیل کیا گیا ہے ہر آنے والے درخواست گزار سے ہزاروں روپے رشوت طلب کی جاتی ہے جب کہ مطالبات پورے نہ کرنے والے سائلین کو اذیت ناک مرحلے سے دوچار کر کے ان کے پاسپورٹ کے اجراء کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پاسپورٹ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس حق سے انکار یا اس کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اپنے بنیادی سرکاری ذمہ داری سے انحراف کے زمرے میں آتا ہے مگر یہاں صورت حال کچھ اور نقشہ کشی کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے پاسپورٹ عملہ جو شہریوں کی سہولت اور انہیں ہر طرح کے مشکلات سے نکالنے کیلئے قائم کیا گیا ہے اس دفتر کا عملہ رشوت کے بغیر کام کرنے کو کسی صورت تیار ہی نہیں جبکہ ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں کیلئے اس دفتر نے الگ پیمانہ مقرر کر رکھا ہے جس میں درخواست گزاروں کو منتخب قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سے ایک فارم پر اپنی شہرت کی تصدیقی سند منسلک کرنے کا شرط شامل ہیں یہ شرط نہ صرف آئین پاکستان کے خلاف بنیادی شہری حقوق صلب کرنے کے ذمرے میں آتا ہے بلکہ اس اقدام کے زریعے درخواست گزاروں کے مشکلات میں اضافے کا ایک بہانہ بھی اپنایا گیا ہے بیان میں کہا گیا کہ پاسپورٹ حکام کے عوام و ہزارہ دشمن رویے کے خلاف پارٹی وفاقی وزارت داخلہ کو تحریری طور پر آگاہ کریگی جبکہ پارٹی چیئرمین و صوبائی مشیر اس سلسلے میں وزیر داخلہ سے ملاقات کر کے انہیں اس اذیت ناک صورتحال سے بھی آگاہ کریگی۔ پارٹی سمجھتی ہے کہ سرکاری ادارے عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے قائم کئے گئے ہیں اگر کسی ادارے کے اہلکار اپنی حدود سے تجاویز کرتے ہوئے عوام کے زندگیوں میں مشکلات پیدا کرتے ہیں تو اس طرح کے سرکاری اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دینا ضروری ہو جاتا ہے۔ بیان میںFIA اعلی عدلیہ اور دیگر اداروں سے پاسپورٹ آفس کے اہلکاروں کے عوام دشمن رویے کے خلاف اقدامات کرنے اور عوام کو اس دفتر کی زیادتیوں سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا گیا۔