بلوچستان کی ترقی کی منزل کا حصول تعلیم کے فروغ کے ذریعہ ہی ممکن ہے، وزیراعلیٰ

  • September 12, 2018, 11:28 pm
  • National News
  • 102 Views

کوئٹہ(اے این این) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کی منزل کا حصول تعلیم کے فروغ کے ذریعہ ہی ممکن ہے، ہمارے بچوں کو تعلیم کے حصول کے بہتر مواقع ملنے سے ان کی صلاحیتوں اور اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ مزید محنت اور لگنا کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے۔ حکومت ہونہار طلباء اور معیاری تعلیمی اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی، جبکہ تعلیمی اداروں کے معیار میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں پوزیشن حاصل کرنے والے بلوچستان ریذیڈینشل کالج لورالائی کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ میر عارف محمد حسنی اور رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھیں اور جس شعبہ میں بھی جائیں وہاں صوبے اور ملک کا نام روشن کریں تاکہ دیگر بچے بھی ان کی تقلید کرتے ہوئے آگے بڑھیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ بلوچستان کے طلباء باصلاحیت ہیں اور سہولتوں کے عدم دستیابی کے باوجود تعلیم کے میدان میں کامیابیاں حاصل کررہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعہ بلوچستان کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے وظائف کی فراہمی کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ وہ بچے جو شوق اورلگن رکھنے کے باوجود اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کرسکتے ان کی بھرپور سرپرستی کی جاسکے۔