پاک فوج بلوچستان کے ٹیلنٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی کریگی ، کمانڈر سدرن کمانڈ

  • September 10, 2018, 11:40 pm
  • National News
  • 177 Views

کوئٹہ (پ ر)بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے ایک سہ رکنی وفد نے آج کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ سے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ میں ملاقات کی۔ وفد میں شامل فٹبالر محمد کاشف، کراٹے پلیئر نرگس اور مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے پاک آرمی کی طرف سے بلوچستان میں سپورٹس کے شعبے کی بہتری کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی کی طرف سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی سرپرستی کے مثبت ثمرات ظاہر ہو رہے ہیں اور وہ ملک و قوم کے لیے بین الاقوامی سطح پر مزید میڈلز جیتیں گے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے پاک آرمی کی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان آرمی ہر سطح پر بلوچستان میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ کی افزائش کے لیے ہر ممکن قدم اُٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو کہ نوجوانوں کی ذہنی نشوونما کے لیے بہت اہم ہے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے وفد میں شامل کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر کارکردگی کی بے پناہ تعریف کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کراٹے پلیئر نرگس نے 68 Kgsکلاس میں ایشین گیمز کے دوران کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ ساؤتھ ایشین اور نیشنل گیمز میں سونے کے تمغے جیتے ، مچھ سے تعلق رکھنے والے فٹبالر محمد کاشف بلوچستان کے پہلے فٹبالر ہوں گے جو کہ پرتگال میں منعقد ہونے والے فٹسال منی ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے۔ پاکستان کے مایہ ناز پروفیشنل باکسر محمد وسیم 52 Kgs کلاس میں ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ (WBC) کا ٹائٹل 2015 سے 2017 تک مسلسل اپنے نام کیا جبکہ وہ 2018 میں رنر اپ قرار پائے۔ اس کے علاوہ محمد وسیم مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں امیچور کیٹگری میں 12 میڈلز جیت چکے ہیں۔