پولیس کوجدید آلات ،74تھانوں کی تعمیر اور موجودہ تھانوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، محسن حسن بٹ

  • September 7, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 226 Views

کوئٹہ(این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ امن وا مان کی بہتری کیلئے محکمہ پولیس کوجدید آلات کی فراہمی کے علاوہ 74تھانوں کی تعمیر اور موجودہ تھانوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گوالمنڈی تھانہ کی زیر تعمیر عمارت کے جاری کام کی پیش رفت کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے دوران کیا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی چوہدری منطور سرور اور آر پی اوو ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی موجود تھے ۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے پولیس اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ترجیح بنیادوں پر ادا کررہی ہے پولیس کے شہداء نے عوام کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کو قربان کیا شہداء کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کو جدید آلات کے علاوہ تھانوں کی تعمیر ضروری سہولیات اور تربیت کی فراہمی کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوالمنڈی تھانے کی ناقابل استعمال تھی اسے حکومت کی معاونت سے از سر نو تعمیر کرایا جارہاہے جس سے سائلین اور تھانے کے عملے کو اپنا کام کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنے میں آسانی ہوگی ۔ اور علاقے میں بہتر پولیس اسٹیشن کی وجہ سے امن و امان قائم رکھنے میں مدد ملے گی ۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ سترلاکھ کی لاگت سے سات ہزار سکوائر فٹ پر دو منزلہ تھانہ گوالمنڈی کی عمارت کی تعمیرکا کام جاری ہے عمارت کی تکمیل کا کام آخری مراحل میں ہے اور یکم اکتوبر تک ا سے محکمہ پولیس کے حوالے کیا جائے گا ۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے ہدایت کی کہ تعمیراتی تکمیل کے بعد فوری طور پر تھانہ کو اس کی اصل عمارت میں منتقل کیا جائے تاکہ انڈسٹریل اور گوالمنڈی تھانہ ایک ہی عمارت میں ہونے کی وجہ سے درپیش مسائل کا خاتمہ مکمل ہو سکے ۔