پانی جسے اہم منصوبے کی تکمیل یقینی بنائینگے ، ڈی جی نیب بلوچستان کا عزم

  • September 7, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 387 Views

کوئٹہ (پ ر)ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ نے اربوں روپے کی لاگت سے 2003 میں شروع کئے گئے کوئٹہ واٹر سپلائی اینڈ انوا ئر مینٹل امپرومنٹ پرو جیکٹ (کیو سپ) میں غیر ضروری تاخیر اور غیر تسلی بخش کام کا نوٹس لے لیا۔سیکرٹری پی ایچ ای کی جانب سے ڈی جی نیب بلوچستان کو دی گئی بریفنگ میں انکشاف ہوا کہ 2003 میں 7 ارب کی لاگت سے شروع کئے گئے کوئٹہ واٹر سپلائی منصوبہ کی لاگت 7 ارب سے 10 ارب تک جا پہنچی ہے جبکہ تعمیراتی کمپنی این سی ایل کی جانب سے اربوں روپے مالیت سے بچھائے گئے 1505 کلو میٹر پائپ لائن کے نقشہ جات کا کیوسپ کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں ہے جبکہ تعمیراتی کمپنی این سی ایل نے 90 فیصد ادائیگی کے باوجود 30 فیصد کام بھی پو را نہیں کیا ۔ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان نے واٹر سپلائی منصوبے میں تاخیر اور غیر تسلی بخش کام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا این سی ایل سمیت تمام ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں پانی کا مسئلہ تشویش ناک صورتحال اختیار کر گیا ہے عوام کے لئے شروع کئے گئے پانی کے منصوبے میں مبینہ کرپشن اور تاخیری حربے استعمال کر کے قومی خزانے کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچانے والے عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ این سی ایل سے منصوبے سے متعلق تمام ریکارڈ منگوایا جائے تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے ۔ قبل ازیں ڈی جی نیب بلوچستان کو منگی ڈیم منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، منصوبے کے ڈپٹی ایم ڈی نے بتایا منگی ڈیم کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ڈائریکٹر نیب بلوچستان ہارون رشید اور ایڈیشنل ڈائر یکٹر نیب محسن علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔