گیس کی نرخوں میں46فیصد اور بجلی کے ٹیرف میں2روپے فی یونٹ اضافہ افسوس ناک ہے،علی مدد جتک

  • September 6, 2018, 11:37 pm
  • National News
  • 112 Views

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گیس کے نرخوں میں46فیصد اور بجلی کے ٹیرف میں2روپے فی یونٹ اضافہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے اس سے ملک میں مہنگائی کانیاطوفان آئے گااورغربت کی چکی میں پسے عوام کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار ہوجائے گی حکومت گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کو فی الفور واپس لے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی آڑ میں عوام پر گیس اور بجلی کے بم گرا دئیے ہیں ،حکومت میں آنے کے بعد پہلے سو روز میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعویدار وں کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے بلکہ عوام کے ساتھ مل کر ان کا محاسبہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی ۔بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت بڑھنے سے مقامی مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرز بھی بیرونی دنیا میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کیاگیا اضافہ فی الفور واپس لے