ملکی دفاع وسالمیت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، گورنر وزیراعلیٰ

  • September 5, 2018, 11:26 pm
  • National News
  • 162 Views

کوئٹہ(خ ن ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن بے انتہا اہمیت رکھتا ہے کیونکہ آج سے 53 سال قبل اسی تاریخ کو ہماری بہادر اور جری مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکر اور وطن عزیز کا پوری کامیابی سے دفا ع کرکے تاریخ رقم کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی دن ہے جب ہماری بہادر افواج نے جواں مردی ، جرات اوربہادری کا عظیم الشان مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا اور مادر وطن کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہماری مسلح افواج بلکہ پوری قوم نے متحد ہوکر یہ ثابت کردیا کہ اتحاد، اتفاق اور ایمان کی طاقت کے سامنے ہتھیاروں یا تعداد کی کثرت کوئی حقیقت نہیں رکھتی ۔ گورنر نے زور دیا کہ آج کے دن ہمیں اپنے اس عہد کی تجدید کرنی چاہیئے کہ ہم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے اوراپنے پیارے وطن کے تحفظ ، سالمیت اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں پھر اسی جذبے او ر عزم کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ پوری قوم نے ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے مکمل یکجہتی ، اتفاق اور اتحاد قائم رکھیں گے اور ایک ہوکر رہیں گے تو کسی کو جرات نہیں ہوسکتی کہ وہ ہماری طرف بری نگاہ ڈال سکے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو اپنے حفظ و امان میں رکھے دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ قوم پاکستان کی ترقی امن اورسلامتی کویقینی بنانے کیلئے 1965ء کی طرح آج بھی متحد اوراپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دشمن کے ارادوں کوناکام بنانے کیلئے پوری طرح پرُعزم ہے۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ پاکستان کی صورتحال خاص طورسے بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں اسی دشمن کا ہاتھ ہے جس نے 1965ء میں ہم پر جارحیت کی تھی تاہم جس طرح قوم نے پاک افواج کے ساتھ مل کر اس وقت دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایاتھا آج بھی ہم اسی جذبے کے ساتھ دشمن کی تمام سازشوں کا نام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف جو شاندارکامیابیاں حاصل کی ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی مضبوط مسلح افواج کا عزم آج بھی اتنا ہی بلند ہے جتنا 1965ء کی جنگ کے دوران تھا۔ہماری مسلح افواج وطن عزیز کا دفاع کرنے کی بھرپوراہلیت رکھتی ہیں ،انہوں نے کہاکہ 1965ء کی جنگ سے پاکستان ایک مضبوط اورخوداعتماد قوم کی حیثیت سے ابھرا،قومی یکجہتی کے باعث بین الاقوامی سرحد پر بھارت کی ننگی جارحیت کوناکام بنانا ممکن ہوا اوربھارت کو اس بلاجواز جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑی،یہ یقیناہماری بہترین روایت اورشاندار دن ہے جسے آنے والی نسلیں فخر سے یاد رکھیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے دن ہمیں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید ،سکوارڈن لیڈرعلاؤالدین ،سکوارڈن لیڈر ایم اے قریشی،سکوارڈن لیڈر سرفرازاحمدبھٹی،سکوارڈن لیڈرایم ایم عالم سمیت اُن تمام شہداء کو جنہوں نے قوم کی آزادی کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں حیات بخش قربانی پیش کی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرناہوگا کہ ہم اپنے ملک کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ 6ستمبر ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کا شکراداکرنا کا دن بھی ہے ہمیں اللہ تعالیٰ سے دُعاکرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اپنی پاک سرزمین کی حفاظت کرنے کی ہمت اورقوت عطا کرے۔